گول مال 5 میں 22 دن کی شوٹنگ : اکشے کمار کا معاوضہ 40 کروڑ روپے؟؟

بالی ووڈ کی کامیاب ترین کامیڈی فرنچائز گول مال کی پانچویں فلم گول مال 5 کی کاسٹ میں اکشے کمار کی شمولیت نے شائقین کے جوش میں اضافہ کردیا ہے، تاہم اب فلم سے متعلق ایک نئی خبر نے بالی ووڈ حلقوں میں مزید ہلچل مچا دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے فلم میں مختصر لیکن اہم کردار کے لیے مبینہ طور پر 35 سے 40 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ طلب کیا ہے۔ وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے صرف 18 سے 22 دن سیٹ پر موجود رہیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ابتدائی معاوضہ فلم کے مرکزی اداکار اجے دیوگن کی ابتدائی فیس سے بھی زیادہ بتایا جارہا ہے۔ اجے دیوگن بطور پروڈیوسر منافع میں حصہ داری کی بنیاد پر کام کررہے ہیں، جس کے باعث انہیں فلم کی کامیابی کے بعد بڑا مالی فائدہ متوقع ہے۔

روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں اکشے کمار کی انٹری کو کافی عرصے تک خفیہ رکھا گیا تھا۔ بعدازاں فلم سازوں کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں اکشے کا نیا انداز سامنے آیا، جس کے بعد مداحوں میں ان کے کردار سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں اکشے کمار نے واضح کیا کہ وہ فلم میں مرکزی کردار ادا نہیں کررہے۔ اجے دیوگن ہی فلم کے اصل ہیرو ہیں، لیکن مجھے اس بات سے کوئی مسئلہ نہیں۔ میرے لیے اہم بات فلم کی کہانی اور اس کا مقصد ہے۔ اگر مجھے کہانی پسند آئے تو میں کام ضرور کرتا ہوں۔

گول مال سیریز کی نئی فلم میں پرانی ٹیم ایک بار پھر اکٹھی نظر آئے گی، جن میں ارشد وارثی، تشار کپور، کنال کھیمو، شرمن جوشی اور شریاس تلپڑے بھی شامل ہیں۔