اہم ترین

سام سنگ گلیکسی رنگ کو ٹکر دینے ایپل میدان میں اترنے والا ہے؟

ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایپل مبینہ طور پر ایک نئی ویئریبل کیٹیگری میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی ہے، اور اطلاعات کے مطابق کمپنی کا اگلا بڑا قدم اسمارٹ رنگ ہو سکتا ہے جسے ممکنہ طور پر آئی رنگ کا نام دیا جا سکتا ہے۔

ٹیک انڈسٹری میں سامنے آنے والی لیکس اور ٹِپسٹرز کے مطابق ایپل اپنی روایتی پروڈکٹ لائن اپآئی فون، میک بک، آئی پیڈ اور ایپل واچکے بعد اب اسمارٹ رِنگ کے شعبے میں بھی قدم رکھنے پر غور کر رہا ہے۔

یہ نئی ڈیوائس اسمارٹ ویئریبل مارکیٹ میں موجود کمپنیوں جیسے سام سنگ کے گلیکسی رنگ اور اورا رنگ جیسے ماڈلز کا مقابلہ کرے گی۔ سام سنگ نے 2024 میں اپنی پہلی اسمارٹ رِنگ متعارف کرائی تھی، جس کے بعد اس شعبے میں دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

ٹِپسٹر کوسوتامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا ہے کہ ایپل ایک اسمارٹ رِنگ پر کام کر رہا ہے جسے غیر رسمی طور پر آئی رنگ کہا جا رہا ہے۔ تاہم اس حوالے سے فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ اس ڈیوائس میں کون سی خصوصیات شامل ہوں گی یا یہ کب تک مارکیٹ میں پیش کی جا سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس کی پیش رفت کے بارے میں حتمی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ ایپل کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

ٹیک ماہرین کے مطابق ایپل عموماً نئی کیٹیگریز میں دیر سے داخل ہوتا ہے مگر بعد میں اپنی مضبوط ایکو سسٹم اور پریمیم ڈیزائن کے ذریعے مارکیٹ میں نمایاں اثر ڈالتا ہے۔

پاکستان