اہم ترین

فیفا ورلڈ کپ: پرتگال نے کروشیا کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال نے ایک سنسنی خیز اور ڈرامائی مقابلے کے بعد کروشیا کو 1-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ میچ کے آخری لمحات میں متبادل کھلاڑی گونزالو راموس نے ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول کر کے پرتگال کو فتح دلائی، جبکہ اختتامی سیکنڈز میں کروشیا کے ممکنہ برابر کرنے والے گول کو وی اے آر نے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

ٹورنٹو میں کھیلے گئے اس دلچسپ ناک آؤٹ میچ میں کروشیا نے بہتر مواقع پیدا کیے اور پرتگال کو سخت دباؤ میں رکھا، تاہم انجری ٹائم کے چوتھے منٹ میں رافائیل لیاؤ کی شاندار پاس پر گونزالو راموس نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

کروشیا نے میچ کے بالکل اختتامی لمحات میں جوشکو گواردیول کے ذریعے گول کر کے مقابلہ برابر کرنے کی امید پیدا کی، لیکن وی اے آر نے اس گول کو آف سائیڈ قرار دے دیا۔ اس فیصلے کے بعد کروشین کھلاڑی اور شائقین شدید مایوسی کا شکار دکھائی دیے، جبکہ بعض مشتعل تماشائیوں نے میدان میں اشیا بھی پھینکیں۔

میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی خاص تاثر قائم نہ کر سکیں، تاہم دوسرے ہاف کے آغاز میں کروشیا نے برتری حاصل کر لی۔ 53ویں منٹ میں تجربہ کار ایوان پیریشیچ نے پرتگال کے گول کیپر ڈیوگو کوسٹا کو چکمہ دیتے ہوئے گیند جال میں ڈال دی اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔

کروشیا کے گول کے چند ہی منٹ بعد کرسٹیانو رونالڈو نے گیند جال میں پہنچائی، لیکن یہ گول آف سائیڈ قرار پا گیا۔ تاہم پرتگال کو جلد ہی پنالٹی مل گئی جب ریناٹو ویگا کو پنالٹی ایریا میں نکولا ولاشیچ نے روکا۔ وی اے آر جائزے کے بعد ریفری نے پنالٹی کا فیصلہ دیا، جس پر کرسٹیانو رونالڈو نے 67ویں منٹ میں پراعتماد انداز میں گیند گول کے عین وسط میں مارتے ہوئے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔

یہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں رونالڈو کا پہلا گول تھا، اور اسی کے ساتھ وہ ورلڈ کپ کے اس مرحلے میں گول کرنے والے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔ رونالڈو کو 81ویں منٹ میں تبدیل کر دیا گیا، اور جب وہ میدان سے باہر آئے تو 43 ہزار تماشائیوں پر مشتمل بھرے ہوئے اسٹیڈیم نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ اس وقت یہ تاثر بھی نمایاں تھا کہ شاید یہ ان کے ورلڈ کپ کیریئر کی آخری جھلک ہو سکتی ہے۔

کروشیا نے اس کے بعد بھی حملے جاری رکھے اور متعدد مواقع پیدا کیے۔ میٹیو کوواچیچ کی خطرناک شاٹ کو پرتگالی گول کیپر ڈیوگو کوسٹا نے انگلیوں کی مدد سے پوسٹ سے ٹکرا کر بچایا، جبکہ ماریو پاشالیچ کا ہیڈر معمولی فرق سے باہر چلا گیا۔ پیٹا سوچیچ نے بھی ایک موقع پر گیند جال میں پہنچائی، لیکن اس پر بھی آف سائیڈ کا جھنڈا بلند ہو گیا۔

میچ کے اختتام پر پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور کروشیا کے عظیم مڈفیلڈر لوکا موڈرچ کے درمیان طویل گفتگو بھی دیکھنے میں آئی۔ یہ مقابلہ اس لحاظ سے بھی تاریخی رہا کہ ورلڈ کپ میں پہلی بار 40 برس سے زائد عمر کے دو آؤٹ فیلڈ کھلاڑی ایک ہی میچ میں میدان میں اترے۔

فتح کے بعد پرتگالی کھلاڑیوں نے اپنے مرحوم ساتھی ڈیوگو ژوٹا کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ژوٹا کی یاد میں ان کی نمبر 21 شرٹ اٹھا کر جشن منایا۔ ژوٹا ایک سال قبل کار حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

پاکستان