جاپان میں زلزلے سے متاثرہ دور دراز علاقے میں واقع نوٹو ایئرپورٹ کو سیاحت کے فروغ کے لئے نیا روپ دے دیا گیا، جہاں ایئرپورٹ کو عارضی طور پر پوکی مون کی دنیا سے جوڑ دیا گیا ہے۔
نوٹو جزیرہ نما میں واقع اس ایئرپورٹ کی لابی کو مشہور اینی میٹڈ کردار پکاچو سمیت 100 سے زائد پوکی مون کرداروں سے سجایا گیا ہے۔ ایئرپورٹ کے مرکزی حصے میں جہاز کی شکل کے غبارے پر تیرتا ہوا پکاچو بھی نصب کیا گیا ہے۔
تقریب کے دوران پائلٹ کے لباس میں ملبوس پکاچو کے مجسمے نے حکام کے ساتھ ربن کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی، جس کے بعد ایئرپورٹ کو باضابطہ طور پر “نوٹو ساتویاما پوکی مون وِد یو ایئرپورٹ” کا عارضی نام دیا گیا۔
یہ نام تین سال تک استعمال کیا جائے گا، جس کا اعلان پوکی مون وِد یو فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔
نوٹو خطے کو یکم جنوری 2024 کو آنے والے شدید زلزلے سے بھاری نقصان پہنچا تھا۔ 7.5 شدت کے اس زلزلے میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد علاقے میں سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی۔
جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق خطے میں رات قیام کرنے والے سیاحوں کی تعداد اب بھی زلزلے سے پہلے کی سطح کے صرف 30 فیصد سے کچھ زیادہ ہے۔
حکام کو امید ہے کہ پوکی مون تھیم کے ذریعے ایئرپورٹ اور پورے نوٹو خطے کی جانب سیاحوں کی توجہ دوبارہ حاصل کی جا سکے گی اور زلزلے سے متاثرہ مقامی معیشت کو سہارا ملے گا۔











