اہم ترین

فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹائن مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 کے ڈرامائی مقابلے میں ارجنٹائن نے دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

امریکا کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں مصر نے ابتدا ہی سے ارجنٹائن پر دباؤ برقرار رکھا اور 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم کے ہیڈر سے برتری حاصل کر لی۔ پہلے ہاف میں ارجنٹائن کے پاس مقابلہ برابر کرنے کا سنہری موقع آیا، لیکن لیونل میسی کی پنالٹی مصر کے گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے روک لی۔

67ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو کے گول نے مصر کی برتری دگنی کر دی، تاہم ارجنٹائن نے آخری پندرہ منٹ میں زبردست واپسی کی۔ کرسٹیان رومیرو نے 79ویں منٹ میں گول کر کے امید جگائی، پھر میسی نے چار منٹ بعد اسکور برابر کر دیا۔ انجری ٹائم میں اینزو فرنانڈیز کے فیصلہ کن ہیڈر نے ارجنٹائن کو تاریخی فتح دلائی۔

اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹائن ورلڈ کپ کی تاریخ میں ناک آؤٹ مرحلے کا ایسا میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی جو دو گول کے خسارے سے واپس آئی ہو۔

میچ کے بعد مصر کے کوچ حسام حسن نے ریفری کے فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی ٹیم کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک واضح پنالٹی نہیں دی گئی اور ان کا ایک گول بھی مسترد کر دیا گیا۔ مصر کے فارورڈ مصطفیٰ زیکو نے بھی ریفری کے فیصلوں کو غیر منصفانہ قرار دیا۔

پاکستان