بالی ووڈ اداکار اور فلم ساز سہیل خان نے ایک ریلٹی شو کے دوران اپنی زندگی سے متعلق ایک اہم اور جذباتی انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں بچپن میں مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم خوف اور شرمندگی کے باعث وہ کئی برس تک اس بارے میں خاموش رہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سہیل خان نے اس واقعے کا ذکر اس وقت کیا جب وہ پرائم ویڈیو کے ریئلٹی شو الائنس میں دیگر شرکا کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ گفتگو کے دوران جب ہراسانی اور بُلنگ جیسے موضوعات زیر بحث آئے تو سہیل خان نے اپنی ذاتی زندگی کا تجربہ شیئر کیا۔
سہیل خان نے بتایا کہ بچپن میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں انہوں نے طویل عرصے تک کسی سے بات نہیں کی۔ ان کے مطابق بڑے ہونے کے بعد انہوں نے اپنے والد سلیم خان کو اس بارے میں بتایا، جنہوں نے انہیں سمجھایا کہ اس معاملے پر خاموش رہنا ان کی غلطی نہیں تھی۔
اداکار نے بتایا کہ ان کے والد کی بات نے انہیں حوصلہ دیا، اور آج وہ اپنے بچوں یُہان اور نروان کو بھی یہی نصیحت کرتے ہیں کہ اگر کوئی انہیں پریشان کرے یا کسی مشکل صورتحال کا سامنا ہو تو خوف یا شرمندگی کے بجائے فوراً والدین سے بات کریں۔
سہیل خان کا کہنا تھا کہ بچوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی کی صورت میں خاموش رہنے کے بجائے مدد طلب کرنا ضروری ہے۔
سہیل خان حال ہی میں ریئلٹی شو الائنس کا حصہ بنے ہیں، جہاں وہ بطور وائلڈ کارڈ امیدوار شامل ہوئے۔ شو میں ان کی شرکت کے دوران وہ اپنی نجی زندگی اور ماضی کے تجربات پر بھی کھل کر گفتگو کرتے نظر آ رہے ہیں۔











