اہم ترین

مسلسل دوسرا ورلڈ کپ جیتنے کے لیے ارجنٹائن پُرامید

ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونیل اسکالونی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل کپتان لیونیل میسی کو فٹبال کی تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شائقین کو چاہیے کہ وہ 39 سالہ میسی کو ایک اور ورلڈ کپ فائنل میں کھیلتے ہوئے بھرپور انداز میں سراہیں، کیونکہ یہ لمحہ تاریخ کا حصہ ہے۔

اسپین کے خلاف اتوار کو ہونے والے فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسکالونی نے کہا کہ میسی ایک لیجنڈ ہیں جنہوں نے ارجنٹائن کو ورلڈ کپ اور مسلسل دو کوپا امریکہ ٹائٹلز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میسی نے اپنے کیریئر میں ایسی تاریخ رقم کی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسکالونی نے کہا کہ 39 برس کی عمر میں ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنا اور پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانا غیرمعمولی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے دنیا نے ڈیاگو میراڈونا کو کھونے کے بعد ان کی قدر کو مزید محسوس کیا، اسی طرح آج جب میسی ہمارے درمیان موجود ہیں تو ہمیں ان کے کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔

ارجنٹائن کے کوچ نے کہا کہ چند برس پہلے تک ٹیم کی مسلسل کامیابیوں کا تصور بھی مشکل تھا، لیکن کھلاڑیوں نے محنت اور عزم سے یہ مقام حاصل کیا۔ ان کے مطابق خواہ فائنل کا نتیجہ کچھ بھی ہو، اس منزل تک پہنچنے کا سفر خود ایک عظیم کامیابی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے کہ آیا یہ میسی کا آخری ورلڈ کپ ہوگا، تاہم اس امکان کو مسترد بھی نہیں کیا جا سکتا۔

ارجنٹائن نے 2021 میں کوپا امریکا جیت کر 28 سالہ بڑی ٹرافی کی خشک سالی ختم کی تھی، جس کے بعد ٹیم نے عالمی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھی۔ اب دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹائن اگر اسپین کو شکست دے دیتا ہے تو وہ گزشتہ 64 برسوں میں مسلسل دو ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گا۔

اسکالونی نے اسپین کو ایک مضبوط اور متوازن ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ہر چیز تشویش کا باعث ہے، کیونکہ وہ یورپ کے موجودہ چیمپئن ہیں اور فائنل میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

پاکستان