جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ترین ہدایت کار ایس ایس راجامولی کی آنے والی میگا بجٹ فلم وارانسی کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ فلم میں جنوبی بھارت کے سپر اسٹار مہیش بابو، بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور پرتھوی راج سُکمارن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ اس کی ریلیز اپریل 2027 میں متوقع ہے۔
پریانکا چوپڑا کی 44ویں سالگرہ کے موقع پر ایس ایس راجامولی نے سوشل میڈیا پر فلم سے اداکارہ کا نیا لک شیئر کیا۔ پوسٹ کے ساتھ انہوں نے لکھا، مسکرائے تو گریس، نہ مسکرائے تو آگ… منداکنی۔ اس پوسٹ میں پریانکا چوپڑا کو بھی ٹیگ کیا گیا، جبکہ مہیش بابو کی اہلیہ نمرتا شیروڈکر سمیت متعدد مداحوں نے اس پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
فلم کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے بھی یہی تصویر ایک الگ عنوان کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے فلم کو مزید سنسنی، نئی دریافتوں اور ہر حد سے آگے بڑھنے والے سفر سے تعبیر کیا۔
رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا فلم میں منداکنی نامی ایک طاقتور اور منفی کردار نبھا رہی ہیں، جو کہانی میں مہیش بابو کے کردار کے مدمقابل نظر آئے گا۔ اس سے قبل بھی ان کا ابتدائی لک منظرِ عام پر آ چکا تھا، جس میں وہ زرد رنگ کی ساڑھی میں دکھائی دی تھیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا تھا کہ فلم کے لیے انہوں نے کئی اسٹنٹس انجام دیے ہیں اور فلم میں ایک خصوصی ڈانس پرفارمنس بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق جب راجامولی نے انہیں فلم کی پیشکش کی تو انہوں نے خواہش ظاہر کی تھی کہ چونکہ کافی عرصے سے انہوں نے کوئی ڈانس نمبر نہیں کیا، اس لیے فلم میں ایسا ایک گانا ضرور ہونا چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وارانسی کو تقریباً 1200 سے 1300 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ہدایت کار ایس ایس راجامولی اور مہیش بابو نے ابتدائی طور پر کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا اور منافع میں شراکت کے ماڈل پر اتفاق کیا ہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ پریانکا چوپڑا کو فلم کے لیے تقریباً 30 کروڑ روپے معاوضہ دیا گیا ہے، جس کے باعث انہیں بھارتی سنیما کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں شمار کیا جا رہا ہے۔











