بالی ووڈ اداکارہ کیارا اڈوانی اپنے شوہر اور اداکار سدھارتھ ملہوترا کی انسٹاگرام پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کر رہی ہیں، تاہم بڑی تعداد میں مداح ان کے حق میں بھی سامنے آ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سدھارتھ ملہوترا نے کیارا کی 33ویں سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر ان کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے محبت بھرا پیغام لکھا۔ اس پوسٹ پر جہاں مداحوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وہیں بعض صارفین نے کیارا کی آنے والی فلم ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس کے گانے تباہی میں ادا کیے گئے رومانوی اور قریبی مناظر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے منفی تبصرے کیے۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے ان مناظر کو بنیاد بنا کر کیارا کو نشانہ بنایا، جبکہ کئی افراد نے فلم سے متعلق تصاویر بھی شیئر کیے۔ اس کے بعد اداکارہ کے مداح ان کے دفاع میں سامنے آئے اور ٹرولنگ کو غیر ضروری اور نامناسب قرار دیا۔
ریڈٹ سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اس معاملے پر بحث جاری ہے۔ متعدد صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ فلموں میں رومانوی مناظر ادا کرنے پر عموماً خواتین اداکاراؤں کو زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ مرد اداکاروں کے حوالے سے ایسا ردِعمل کم دیکھنے میں آتا ہے۔ بعض صارفین نے اسے دہرا معیار قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر ایسے مناظر قابلِ اعتراض ہیں تو فلم کے مرکزی اداکار یش کو اسی طرح تنقید کا سامنا کیوں نہیں کرنا پڑ رہا۔
ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس کی ہدایت کاری گیتو موہن داس نے کی ہے۔ فلم میں یش، کیارا اڈوانی، نین تارا، تارا سوتاریہ، رکمنی وسنت اور ہما قریشی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم 26 اگست کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔











