ساؤتھ اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رشمیکا مندانا نے شوٹنگ کے دوران لگنے والی تیسری چوٹ کے بعد مداحوں کے نام ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک طویل نوٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حالیہ انجری کی خبر کو چھپانا چاہتی تھیں، تاہم اب انہوں نے خود مداحوں کو اپنی صحت سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
رشمیکا نے لکھا کہ چوٹ لگنا بہت پریشان کن ہوتا ہے اور یہ ان کی مسلسل تیسری انجری ہے۔ انہوں نے مذاقاً کہا کہ انہیں اپنے جسم کو مشین نہیں بلکہ انسان سمجھنا سیکھنا چاہیے۔
اداکارہ کے مطابق یہ چوٹ ان کی آنے والی فلم ’مائسّا‘ کی ڈانس شوٹنگ کے دوران لگی۔ انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا کہ انجری قابو میں ہے اور وہ صحت یابی کے مرحلے میں ہیں۔ رشمیکا نے بتایا کہ آرام کے دوران وہ پزلز حل کر کے وقت گزار رہی ہیں۔
رشمیکا نے یہ بھی کہا کہ چوٹ کی وجہ سے ورزش کا معمول متاثر ہوا ہے اور وہ اپنے فٹنس روٹین اور وزن کو برقرار رکھنے کے حوالے سے بھی فکر مند ہیں۔











