اہم ترین

موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، تتلیوں نے نئے مسکن تلاش کرنا شروع کر دیے

موسمیاتی تبدیلی کے باعث دنیا بھر میں تتلیوں کے رہنے اور افزائش کے علاقوں میں نمایاں تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ ایک نئی عالمی تحقیق کے مطابق کئی اقسام کی تتلیاں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے بچنے کے لیے نئے علاقوں کی طرف منتقل ہو رہی ہیں، جبکہ کچھ نسلیں اپنے روایتی مسکن محدود ہونے کے باعث خطرات سے دوچار ہیں۔

سائنسی جریدے نیچر ایکالوجی اینڈ ایوولوشن میں شائع تحقیق کے لئے سائنسدانوں اور ماہرین نے 105 ممالک اور خطوں کی 1700 سے زائد تتلیوں کی اقسام کا جائزہ لیا گیا۔

ماہرین کے مطابق تقریباً 80 فیصد جغرافیائی تبدیلیاں موسمیاتی تبدیلی اور شدید موسمی واقعات سے منسلک پائی گئیں۔ تاہم انسانی سرگرمیوں، جیسے جنگلات اور زمین کے استعمال میں تبدیلی، صنعتی زراعت، شہروں کا پھیلاؤ، قدرتی مسکن کی تقسیم اور غیر مقامی انواع کی آمد نے بھی تتلیوں کے نظامِ زندگی کو متاثر کیا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق تتلیاں ماحولیاتی صحت کا اہم اشارہ سمجھی جاتی ہیں کیونکہ یہ درجہ حرارت میں تبدیلیوں کے لیے انتہائی حساس ہوتی ہیں، ان کی زندگی کا دورانیہ مختصر ہوتا ہے اور یہ مخصوص پودوں پر انحصار کرتی ہیں۔

تحقیق میں سامنے آیا کہ گرم ہوتے ماحول کے باعث کئی تتلیاں ٹھنڈے علاقوں کی تلاش میں شمالی سمتوں یا زیادہ بلندی والے پہاڑی علاقوں کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔ مجموعی طور پر 80 فیصد اقسام نے اپنے پھیلاؤ میں اضافہ دکھایا، جبکہ 27 فیصد اقسام کے رہائشی علاقے سکڑ گئے۔

تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تتلیوں کی نقل مکانی کی بھی ایک حد ہے۔ اگر عالمی درجہ حرارت ایک خاص حد سے بڑھ گیا تو کئی اقسام کے لیے نئے ماحول تلاش کرنا مشکل ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی تعداد میں تیزی سے کمی اور بعض نسلوں کے معدوم ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خاص طور پر پہاڑی علاقوں اور جزائر پر محدود رہنے والی تتلیوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہے، کیونکہ بڑھتے درجہ حرارت کے ساتھ ان کے پاس منتقل ہونے کے لیے جگہ کم رہ جاتی ہے۔

تحقیق کرنے والے سائنسدانوں نے تتلیوں کے قدرتی مسکن کے تحفظ، ماحولیاتی راہداریوں کی بحالی، حیاتیاتی تنوع کی نگرانی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو محدود کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تتلیوں میں آنے والی تبدیلیاں صرف ایک نوع کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کے ماحولیاتی نظام میں رونما ہونے والی بڑی تبدیلیوں کا اشارہ ہیں۔

پاکستان