اہم ترین

آج کل ایسا پیٹرن بن گیا ہے: ڈان 3 معاملے پر فرحان اختر کا رنویر پر طنز

بالی ووڈ فلم ڈان 3 کے معاملے پر فرحان اختر اور رنویر سنگھ کے درمیان اختلافات ایک بار پھر خبروں میں آگئے۔ فرحان اختر نے پہلی مرتبہ رنویر سنگھ کے فلم سے الگ ہونے پر بظاہر طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔

اپنی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم دل چاہتا ہے کے 25 سال مکمل ہونے پر ایک انٹرویو میں فرحان اختر نے بتایا کہ سیف علی خان بھی فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے چند روز قبل تاریخوں کے مسئلے کے باعث فلم چھوڑنے کا فیصلہ کرچکے تھے۔

فرحان نے کہا کہ سیف کی دوسری فلم کا شیڈول تبدیل ہوگیا تھا، جس کے باعث وہ مشکل صورتحال میں پھنس گئے اور دل چاہتا ہے سے الگ ہونا چاہتے تھے۔ تاہم انہیں روکنے کی کوشش کی گئی اور بالآخر وہ فلم کا حصہ بنے۔

اسی دوران فرحان اختر نے رنویر سنگھ کے ڈان 3 سے الگ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ شوٹنگ شروع ہونے سے چند روز قبل ہوا، جبکہ فلم کی شوٹنگ میں صرف ایک ماہ باقی رہ گیا تھا، اور آج کل ایسا ہی ایک پیٹرن بن گیا ہے۔

ان کے اس جملے پر انٹرویو لینے والا بھی ہنس پڑا، جس پر فرحان نے کہا کہ لیکن یہ صرف میرے ساتھ نہیں ہوتا، ایسی چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔

ڈان 3 میں رنویر سنگھ کی شمولیت کے اعلان کے بعد فلم کو لے کر کافی بحث ہوئی تھی، تاہم بعد میں رنویر نے اس منصوبے سے علیحدگی اختیار کرلی۔ اب تک دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف براہِ راست کوئی سخت بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

پاکستان