افغانستان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر 2027 کے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرلیا، جبکہ دو مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والا ویسٹ انڈیز مسلسل تیسری مرتبہ کوالیفائرز کھیلنے پر مجبور ہوگیا۔
افغانستان کی آئرلینڈ کے خلاف فتح نے اسے 30 ستمبر کی کٹ آف تاریخ تک ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ آٹھ میں جگہ یقینی بنا دی۔ افغانستان کے ساتھ آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش بھی براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہیں، جبکہ شریک میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے بھی ایونٹ میں موجود ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز اس وقت ون ڈے رینکنگ میں دسویں نمبر پر ہے اور بھارت کے خلاف مزید دو میچز باقی ہونے کے باوجود براہِ راست کوالیفکیشن کی پوزیشن حاصل نہیں کرسکتا۔ 2023 کے ورلڈ کپ میں بھی ویسٹ انڈیز براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا تھا اور کوالیفائرز میں شکست کے بعد پہلی مرتبہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا تھا۔
2027 ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ نئے فارمیٹ کے تحت کوالیفائرز جیتنے والی ٹیم براہِ راست ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں جائے گی، جبکہ دوسرے سے چوتھے نمبر تک آنے والی ٹیمیں پہلے مرحلے یعنی سپر سیریز میں حصہ لیں گی











