اہم ترین

ڈان 3 تنازع: 45 کروڑ کے دعوے پر رنویر سنگھ کی قانونی کارروائی کی وارننگ

فلم ڈان 3 سے مبینہ طور پر الگ ہونے کے معاملے میں رنویر سنگھ اور ایکسل انٹرٹینمنٹ کے درمیان تنازعہ مزید بڑھ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلم کے پروڈیوسرز کی جانب سے رنویر سنگھ سے تقریباً 45 کروڑ روپے کے مبینہ نقصان کی تلافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اب رنویر کے والد جگجیت سنگھ بھوانی نے انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (امپا)سے رجوع کیا ہے۔

جگجیت سنگھ بھوانی نے 18 اگست کو امپا کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور رنویر کی جانب سے متعلقہ دستاویزات اور دیگر مواد ایسوسی ایشن کے حوالے کیا۔ امپا کے صدر ابھے سنہا نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت مثبت رہی۔

فی الحال ایسوسی ایشن کی قانونی ٹیم دونوں فریقوں کی جانب سے پیش کیے گئے دستاویزات اور دعووں کا جائزہ لے رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کی قانونی ٹیم نے امپا کو باضابطہ جواب دیتے ہوئے ایسوسی ایشن کے اختیارِ سماعت پر سوال اٹھایا ہے۔

رنویر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایکسل انٹرٹینمنٹ کے ساتھ مبینہ طور پر باقاعدہ معاہدہ نہیں بلکہ مفاہمتی یاداشتموجود تھا۔ قانونی ٹیم نے 45 کروڑ روپے کے دعوے کی بھی مخالفت کی ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قانونی ٹیم نے امپا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایسوسی ایشن نے رنویر کے خلاف کوئی قرارداد یا فیصلہ منظور کیا تو وہ قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ رنویر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر فریقین باہمی بات چیت سے معاملہ حل نہیں کر پاتے تو تنازعہ عدالت میں طے ہونا چاہیے۔

امپا کے صدر ابھے سنہا کے مطابق یہ معاملہ تقریباً ایک ہفتہ قبل ایسوسی ایشن کے پاس آیا تھا اور اس وقت قانونی ٹیم اس کا جائزہ لے رہی ہے۔ دونوں فریقوں کے دستاویزات اور دعووں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ابھے سنہا کے مطابق اگلے ہفتے پریس کانفرنس کرکے معاملے پر تفصیل سے بات کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کے ’ڈان 3‘ سے مبینہ طور پر الگ ہونے کے بعد فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ کو پروڈکشن کی تیاریوں اور دیگر کاموں میں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی بنیاد پر اداکار سے تقریباً 45 کروڑ روپے کے نقصان کی تلافی کا دعویٰ سامنے آیا۔

پاکستان