بالی ووڈ کی مقبول ایکشن تھرلر فرنچائز ’ریس‘ کی چوتھی فلم ایک بار پھر خبروں میں آگئی ہے۔ ریس 4 میں مرکزی کردار کے لیے سلمان خان یا سیف علی خان کے بجائے عامر خان کے نام پر غور کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ریس فرنچائز کی پہلی دو فلموں میں سیف علی خان مرکزی کردار میں نظر آئے تھے اور دونوں فلموں کو شائقین کی جانب سے اچھا ردعمل ملا تھا۔ تاہم 2018 میں ریلیز ہونے والی ریس 3 میں سلمان خان نے مرکزی کردار سنبھالا، لیکن فلم کو پچھلی دونوں فلموں جیسی پذیرائی نہیں مل سکی۔
اب ریس 4 کے حوالے سے رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عامر خان نے فلم کا اسکرپٹ پڑھ لیا ہے اور انہیں کہانی پسند بھی آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے فلم میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور وہ ہدایت کاری کے لیے وجے کرشنا آچاریہ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ فی الحال فلم کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
اگر معاملات طے پاگئے تو عامر خان ریس فرنچائز کا نیا چہرہ بن سکتے ہیں اور سلمان خان کی جگہ مرکزی کردار میں نظر آسکتے ہیں۔
’
’ریس‘ کا پہلا حصہ 2008 میں ریلیز ہوا تھا۔ رپورٹس کے مطابق تقریباً 46 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ میں بننے والی فلم نے 103 کروڑ روپے کے قریب بزنس کیا۔
ریس 2 2013 میں ریلیز ہوئی، جس نے تقریباً 173 کروڑ روپے کا بزنس کیا اور کامیاب رہی۔
اس کے بعد 2018 میں ’ریس 3‘ میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا۔ تقریباً 200 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی فلم نے 300 کروڑ روپے کے قریب بزنس کیا، تاہم مجموعی طور پر اسے پچھلی فلموں کے مقابلے میں اوسط ردعمل ملا۔
اب سب کی نظریں ’ریس 4‘ پر ہیں کہ کیا عامر خان واقعی اس فرنچائز میں شامل ہوتے ہیں یا فلم میں کسی اور بڑے اسٹار کو موقع دیا جاتا ہے۔











