اہم ترین

بھارتی اداکارہ شالنی پانڈے کی فیک اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بھارتی فلم انڈسٹری میں فلم ارجن ریڈی سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ شالنی پانڈے ایک جعلی اور مبینہ طور پر اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سامنے آگئی ہیں۔ اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں وہ موجود نہیں اور اسے ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں انسٹاگرام اور ایکس سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شالنی پانڈے سے منسوب ایک نامناسب ویڈیو تیزی سے پھیلائی گئی، جسے متعدد صارفین نے حقیقی سمجھ کر شیئر کیا۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں۔ تاہم شالنی پانڈے نے اب خود اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے ویڈیو کو مکمل طور پر جعلی قرار دیا ہے۔

شالنی پانڈے نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایک ایسے جعلی اے آئی ویڈیو کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہیں جو آن لائن گردش کررہا ہے۔ اداکارہ کے مطابق یہ ویڈیو مکمل طور پر مصنوعی طریقے سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں میں نہیں ہوں۔

انہوں نے ٹیکنالوجی کے اس استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص، بالخصوص کسی خاتون کو نشانہ بنانے اور اسے نقصان پہنچانے کے لیے ٹیکنالوجی کا غلط استعمال انتہائی پریشان کن ہے۔

شالنی کا کہنا تھا کہ وہ اس قسم کے رویے کی سخت مذمت کرتی ہیں اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو معمول سمجھنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

اداکارہ نے اپنے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی صارف کے سامنے یہ ویڈیو آئے تو اسے شیئر، فارورڈ یا ڈاؤن لوڈ نہ کیا جائے اور نہ ہی اس کے ساتھ کسی قسم کا ردعمل یا انگیجمنٹ کی جائے۔

شالنی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ویڈیو کو فوراً رپورٹ کریں تاکہ اس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کو ذمہ داری اور سمجھ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایسی جعلی مواد کو آگے بڑھانے کے بجائے اسے روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق وائرل ویڈیو بنانے کے لیے شالنی پانڈے کی ایک حقیقی تصویر کا غلط استعمال کیا گیا۔اداکارہ نے 12 اگست کو اٹلی میں چھٹیوں کے دوران لی گئی چند تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔ ان تصاویر میں سے ایک تصویر کو بعد میں مبینہ طور پر اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیل کرکے ایک جعلی ویڈیو تیار کی گئی۔

اصل تصویر میں اداکارہ پیٹھ کی جانب سے نظر آرہی تھیں اور یہ تصویر خود شالنی نے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ بعد ازاں اسی تصویر کو استعمال کرتے ہوئے ایسا مصنوعی ویڈیو مواد تیار کیا گیا جو دیکھنے والوں کو حقیقی محسوس ہو۔

شالنی پانڈے کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے جانے والے جعلی اور گمراہ کن مواد کے باعث معروف شخصیات سمیت عام افراد بھی متاثر ہورہے ہیں۔ اے آئی ٹیکنالوجی نے تصاویر اور ویڈیوز میں حقیقت سے قریب تر تبدیلیاں ممکن بنادی ہیں، جس کے باعث کسی شخص کی اصل تصویر یا ویڈیو کو تبدیل کرکے ایسا مواد تیار کیا جاسکتا ہے جو بظاہر حقیقی دکھائی دے۔

شالنی پانڈے نے اگرچہ وائرل مواد کی حقیقت واضح کردی ہے، تاہم انہوں نے اپنے بیان میں اسے پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان نہیں کیا۔

اداکارہ کی وضاحت کے بعد اب سوشل میڈیا صارفین سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ جعلی ویڈیو کو مزید پھیلانے کے بجائے رپورٹ کریں گے، کیونکہ کسی حقیقی شخص کی تصویر کو اس طرح تبدیل کرکے نامناسب مواد تیار کرنا نہ صرف اخلاقی بلکہ سنگین قانونی سوالات بھی اٹھاتا ہے۔

پاکستان