بجلی مہنگی کردی گئی: قوم پر 12 ارب 67 کروڑ کا بوجھ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کے باعث بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین سے اضافی رقم ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔ تین ماہ کے دوران صارفین سے ہر ماہ 52 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے۔

بجلی کی قیمت میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔

نیپرا نے اس سے قبل سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی تھی، جبکہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے