آسٹریلوی کمپنی ڈائسن نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور حیران کن ایجاد متعارف کرا دی ہے۔
کمپنی نے کیمرے اور مشین لرننگ سے لیس جدید ٹوتھ برش “کیمرہ جیٹ” متعارف کرایا ہے جو روایتی برشنگ کے تصور کو بدل کر رکھ دے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ جدید ٹوتھ برش صرف دانت صاف ہی نہیں کرے گا بلکہ کیمرے کی مدد سے منہ کے اندر گندگی اور پلاک کی نشاندہی بھی کرے گا۔
برش میں انتہائی چھوٹے لینز والا کیمرا نصب کیا گیا ہے جو ایک سیکنڈ میں دانتوں کی 28 تصاویر بنا سکتا ہے۔
ڈائسن کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کیمرہ کسی جگہ پر صفائی کی ضرورت محسوس کرے گا تو 100 ملی سیکنڈ کے اندر اندر وہاں واٹر رنس کی دھار پہنچا دی جائے گی۔ یعنی یہ ٹوتھ برش اور واٹر فلوسنگ کی سہولت ایک ساتھ فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ خودکار طریقے سے منہ کے مشکل مقامات کی صفائی بھی کرے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ اس ٹوتھ برش کی تیاری میں تقریباً 6 سال لگے ہیں۔ اس کی تیاری کے لیے مشین لرننگ اور لاکھوں لائنوں کا کمپیوٹر کوڈ استعمال کیا گیا ہے۔ نظام کو تربیت دینے کے لیے ڈائسن نے 4 لاکھ 70 ہزار دانتوں کی تصاویر کا ڈیٹا استعمال کیا۔
صارفین کے لیے ایک ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے پچھلے دانتوں کا لائیو منظر بھی دیکھ سکیں گے۔ڈائسن نے اس “کیمرہ جیٹ” ٹوتھ برش کی قیمت 799 ڈالر مقرر کی ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 2 لاکھ 25 ہزار روپے بنتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایجاد ڈینٹل کیئر اور مصنوعی ذہانت کو یکجا کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔



