امریکہ اور ایران کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے دوران بحرین میں موجود اہم امریکی بحری اڈہ ایرانی حملے کی زد میں آگیا۔ ایرانی حملے کے نتیجے میں نیول سپورٹ ایکٹیویٹی بحرین (این ایس اے بحرین) کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ ایک سینئر امریکی افسر نے حملے اور اس کے اثرات کی تصدیق کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی بحریہ اب حملے کے بعد اڈے کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور یہ دیکھا جارہا ہے کہ فوجی تنصیب کو آئندہ کس طرح استعمال کیا جائے گا۔
امریکی سینئر افسر کاؤ نے ’دی ایپوک ٹائمز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے بحرین میں امریکی بحری اڈے پر ایرانی حملے کی تصدیق کی۔ انہوں نے حملے کی شدت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی کارروائی کے نتیجے میں بحرین میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
نیول سپورٹ ایکٹیویٹی بحرین امریکی فوج کے لیے خلیجی خطے میں انتہائی اہم حیثیت رکھتا ہے۔ یہ امریکی بحریہ کی سینٹرل کمانڈ اور یو ایس ففتھ فلیٹ سے متعلق اہم سرگرمیوں کا مرکز ہے، جس کی وجہ سے خطے میں امریکی فوجی آپریشنز کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت بہت زیادہ ہے۔
ایرانی حملے میں اڈے کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات اور اس کے نتیجے میں امریکی فوجی سرگرمیوں پر پڑنے والے مکمل اثرات ابھی واضح نہیں ہوئے، تاہم امریکی بحریہ کی جانب سے تنصیب کے مستقبل کے حوالے سے جائزہ لیے جانے سے اندازہ ہوتا ہے کہ نقصان معمولی نہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے جاری براہ راست فوجی محاذ آرائی نے پورے خطے کی سلامتی کی صورتحال کو انتہائی حساس بنا دیا ہے۔ بحرین میں امریکی بحری اڈہ خطے میں امریکی موجودگی کا ایک اہم مرکز ہونے کے باعث ایرانی حملے کے بعد خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔


