واٹس ایپ پر ایونٹس مینجمنٹ ہوئی آسان: اب ایک ہی جگہ ایونٹ بنائیں اور مہمان بلائیں

واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایونٹس سے متعلق ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، جس کے تحت ایپ کی سیٹنگز میں ایک ڈیڈیکیٹڈ ایونٹس ہب شامل کیا جا رہا ہے۔ نئے ہب کے ذریعے صارفین اپنی تمام تقریبات ایک ہی جگہ پر بنا، دیکھ اور منظم کرسکیں گے، جس سے چیٹس میں تلاش کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔

واٹس ایپ پہلے ہی انفرادی اور گروپ چیٹس میں ایونٹس بنانے اور شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرچکا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ فیچر صرف گروپ چیٹس اور کمیونٹیز تک محدود تھا، تاہم بعد میں اسے انفرادی چیٹس تک بھی توسیع دی گئی، جس کے ذریعے صارفین ملاقاتوں، میٹنگز اور دیگر سرگرمیوں کے لیے ایونٹس ترتیب دے سکتے ہیں۔

اب واٹس ایپ نے ایونٹس کے انتظام کو مزید آسان بنانے کے لیے ایپ کی سیٹنگز میں الگ ایونٹس سیکشن متعارف کرانے کا عمل شروع کیا ہے۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ کے لئےواٹس ایپ بیٹا 2.26.36.5 میں دیکھا گیا ہے اور فی الحال محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

نئے ایونٹس ہب میں صارفین اپنی جانب سے بنائے گئے تمام ایونٹس کے ساتھ ان تقریبات کی تفصیلات بھی دیکھ سکیں گے جن میں انہیں مدعو کیا گیا ہو۔ یوں کسی مخصوص ایونٹ کو تلاش کرنے کے لیے متعلقہ چیٹ کھولنے اور پرانے پیغامات اسکرول کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ایک ہی جگہ سے نیا ایونٹ بنائیں

نئے ہب میں کری ایٹ ایونٹ کے آپشن کے ذریعے صارفین ایونٹ کا نام، تفصیل، تاریخ اور وقت درج کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ اختتامی وقت، مقام اور واٹس ایپ کال لنک بھی شامل کیا جاسکے گا۔ ایونٹ کی یاد دہانی عام طور پر ایک گھنٹہ پہلے مقرر ہوگی، تاہم صارف اسے اپنی ضرورت کے مطابق تبدیل کرسکے گا۔

واٹس ایپ ایونٹ بنانے والے شخص کا نام خودکار طور پر میزبان کے طور پر شامل کرے گا، جبکہ ایک آپشن کے ذریعے میزبان یہ بھی طے کرسکے گا کہ مہمان اپنے ساتھ کسی دوسرے شخص کو لا سکتے ہیں یا نہیں۔ ایونٹ کو مزید نمایاں بنانے کے لیے کور فوٹو شامل کرنے کی سہولت بھی دی جارہی ہے۔

نئے فیچر کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ ایونٹ میں مدعو کیے جانے والے شخص کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہونا ضروری نہیں ہوگا۔ ایونٹ بناتے وقت واٹس ایپ ایک لنک فراہم کرے گا جسے کوئی بھی شخص کھول سکتا ہے۔

لنک کھولنے پر مہمان ایونٹ کا نام، تاریخ اور وقت دیکھ سکے گا۔ شرکت کی تصدیق کے بعد مکمل مقام اور کال لنک ظاہر ہوگا۔ ایسے افراد جو واٹس ایپ استعمال نہیں کرتے، انہیں اپنی شرکت کی تصدیق کے لیے نام درج کرکے فون نمبر کی تصدیق کرنا ہوگی۔

ایونٹ کی مینجمنٹ کے دوران میزبان مہمانوں کے نام، ان کے جواب اور فون نمبرز دیکھ سکے گا۔ تصدیق کرنے والے مہمان دیگر شرکا کے نام اور ان کے جوابات بھی دیکھ سکیں گے، تاہم فون نمبر صرف ان افراد کو نظر آئے گا جن کے فون میں متعلقہ نمبر پہلے سے محفوظ ہو۔

واٹس ایپ کے مطابق ایونٹ سے متعلق مخصوص معلومات مہمانوں اور واٹس ایپ کو دستیاب ہوں گی، جبکہ ذاتی پیغامات اور کالز بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ رہیں گی۔

فی الحال ایونٹس ہب کو اینڈرائیڈ کے بیٹا صارفین میں مرحلہ وار متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس لیے تازہ ترین بیٹا اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کے باوجود ہر صارف کو یہ آپشن فوری طور پر نظر نہیں آئے گا۔ واٹس ایپ کی جانب سے فیچر کی عام صارفین کے لیے دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔