بھارتی اداکار اور ’’صدی کے عظیم اداکار‘‘ کہلانے والے امیتابھ بچن نے مقبول ٹی وی شو کون بنے گا کروڑ پتی 18 میں اپنی زندگی کے ایک ایسے ادھورے خواب کا انکشاف کیا ہے، جسے پورا نہ کر پانے کا انہیں آج بھی افسوس ہے۔
شو کے دوران کنٹینٹ کریئیٹر کرتگیا نائر نے امیتابھ بچن سے ایک دلچسپ ’یہ یا وہ‘ کھیل کھیلنے کی درخواست کی۔ گفتگو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ وہ ماضی کا کوئی دن دوبارہ جینا پسند کریں گے یا ایسا دن دیکھنا چاہیں گے جو انہوں نے کبھی نہیں جیا لیکن ہمیشہ سے اس کی خواہش رہی۔
امیتابھ بچن نے کہا کہ ان کی زندگی میں اتنے واقعات اور یادگار لمحات گزرے ہیں کہ کسی ایک دن کا انتخاب کرنا آسان نہیں۔ تاہم اسی گفتگو میں انہوں نے اپنے ایک ادھورے شوق کا ذکر کیا۔
بگ بی نے بتایا کہ وہ ہمیشہ سے موسیقی سیکھنا چاہتے تھے، لیکن یہ خواہش کبھی پوری نہ ہوسکی۔ ان کے مطابق جب وہ کسی کو ستار جیسے ساز بجاتے یا خوبصورتی سے گاتے ہوئے دیکھتے اور سنتے ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ کاش انہوں نے بھی موسیقی سیکھی ہوتی۔
امیتابھ بچن نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ ان کے گھر میں موسیقی سیکھنے کے لیے کئی ساز بھی موجود ہیں، لیکن وہ اب تک انہیں بجانا نہیں سیکھ سکے۔ انہوں نے مذاقاً کہا کہ ان سازوں پر پھولوں کی مالائیں بھی چڑھی ہوئی ہیں، کیونکہ انہیں امید تھی کہ کبھی نہ کبھی وہ موسیقی سیکھنے کا آغاز کریں گے۔
84 سالہ اداکار نے اعتراف کیا کہ عمر کے اس مرحلے تک پہنچنے کے باوجود موسیقی نہ سیکھ پانا انہیں افسوس میں مبتلا کرتا ہے۔ ان کا یہ انکشاف شو کے ناظرین کو ان کی شخصیت کے ایک مختلف اور نجی پہلو سے روشناس کراتا ہے۔
’’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘‘ میں امیتابھ بچن بطور میزبان شریک ہیں اور پروگرام کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ شو ہر پیر سے جمعہ رات 9 بجے سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن پر نشر کیا جاتا ہے


