انگلینڈ سے وائٹ واش کے بعد آفٹر شاکس: پاکستان سلو اوور ریٹ پر 11 پوائنٹس سے محروم

پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر 11 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس سے محروم کردیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان ایجبسٹن ٹیسٹ میں مقررہ ہدف سے 11 اوورز پیچھے رہا۔ وقت کی رعایت کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی اوور ریٹ کم رہا، جس پر پاکستان کے 11 ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس کاٹے گئے جبکہ کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ سیریز میں شکست کے بعد پاکستان پہلے ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر تھا، تاہم اب جرمانے کے بعد اس کے پاس صرف 5 پوائنٹس رہ گئے ہیں، جبکہ اس کی پوائنٹس شرح 4.63 فیصد ہے۔

ویسٹ انڈیز 30 پوائنٹس اور 20.83 فیصد پوائنٹس شرح کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

پاکستان نے موجودہ ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں اب تک 9 ٹیسٹ کھیلے ہیں، جن میں صرف 2 میں کامیابی حاصل کی۔ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف مسلسل تین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کے بعد پاکستان کے اسکواڈ میں بھی بڑی تبدیلیاں کی گئیں۔ محمد رضوان، سلمان علی آغا اور امام الحق سمیت 7 کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا، جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل بھی عہدوں سے الگ ہوگئے۔

پاکستان کے پاس موجودہ ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں اب مزید دو سیریز باقی ہیں۔ قومی ٹیم نومبر میں سری لنکا جبکہ مارچ 2027 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔