کترینہ کیف نے ماں بننے کے بعد خوبصورتی کا نیا مطلب بتا دیا

بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے ماں بننے کے بعد اپنی جلد، روزمرہ معمولات اور خوبصورتی کے تصور میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کے لیے خوبصورت نظر آنے سے زیادہ اہم صحت مند اور اچھا محسوس کرنا ہے۔

ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا نامی ویب سائیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کترینہ کیف نے بتایا کہ حمل کے بعد ان کی جلد پہلے کے مقابلے میں زیادہ حساس ہوگئی ہے، اب وہ ہر روز ایک جیسی اسکن کیئر روٹین پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی جلد کی موجودہ ضرورت کے مطابق مصنوعات اور طریقہ کار کا انتخاب کرتی ہیں۔

کترینہ نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ماڈلنگ اور اداکاری کے آغاز میں خوبصورتی کے حوالے سے کئی مخصوص تصورات اور معیارات موجود تھے، تاہم برسوں کے دوران ان کی اپنی سوچ کافی تبدیل ہوئی ہے۔

ان کے مطابق اب بہترین نظر آنے کا مطلب کسی مخصوص ظاہری معیار پر پورا اترنا نہیں بلکہ اپنے اندر بہترین محسوس کرنا ہے۔ وہ سمجھتی ہیں کہ یہ احساس مجموعی صحت اور خود کی دیکھ بھال سے پیدا ہوتا ہے۔

کترینہ نے صحت مند غذا، متحرک رہنے، مراقبے اور جسم میں سوزش کو قابو میں رکھنے کو اپنی فلاح و بہبود کے اہم حصے قرار دیا۔ انہوں نے صبح کے وقت قدرتی روشنی حاصل کرنے اور دن کے پہلے ایک گھنٹے میں اسکرین سے دور رہنے کو بھی اپنی روزمرہ عادات میں شامل بتایا۔

اداکارہ کے مطابق ان معمولات کا اثر صرف ان کی مجموعی کیفیت پر نہیں بلکہ جلد کی حالت پر بھی پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انسان اندر سے صحت مند محسوس کرتا ہے تو اس کا اعتماد بھی قدرتی طور پر ظاہری شخصیت میں نظر آنے لگتا ہے۔

کترینہ کے یہ تبصرے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب حالیہ دنوں میں ماں بننے کے بعد ان کی ظاہری شکل اور وزن سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنے۔ ان کی نئی تصاویر کا ماضی کی تصاویر سے موازنہ بھی کیا گیا اور بعض صارفین نے ان کے جسمانی خدوخال پر تنقید کی۔

کترینہ نے انٹرویو میں براہ راست اس ٹرولنگ کا جواب نہیں دیا۔ان کے مطابق مسلسل کام اور تخلیقی سرگرمیوں میں مصروف رہنے کی عادت کے باعث کبھی کبھی خود کو ’سوئچ آف‘ کرنا بھی سیکھنا پڑتا ہے تاکہ ذہن کو سکون ملے اور انسان دوبارہ خود کو ری چارج کرسکے۔