تشار کپورکو بشنوئی گینگ کی دھمکی:5کروڑروپےبھتےکا مطالبہ

ممبئی:بالی ووڈ اداکار تشار کپور کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کے نام سے 5 کروڑ روپے بھتے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، تاہم ابتدائی پولیس تحقیقات میں ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ فون کرنے والے کی آواز مبینہ گینگ رکن ہیری باکسر کی اصل آواز سے مطابقت نہیں رکھتی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس اور خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کے مطابق نامعلوم شخص نے خود کو لارنس گینگ کا رکن ہیری باکسر ظاہر کرتے ہوئے اداکار سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد تشار کپور نے ممبئی پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات اینٹی ایکسٹورشن سیل اور کرائم برانچ کے سپرد کردی گئیں۔

پولیس کی تکنیکی ٹیم نے دھمکی آمیز کال کی آڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لینے کے بعد اس کا موازنہ ہیری باکسر کے دستیاب سرکاری آڈیو نمونوں سے کیا۔

ممبئی پولیس کے سینئر حکام کے مطابق ابتدائی تجزیے میں دونوں آوازوں کے درمیان مطابقت نہیں پائی گئی، جس کے بعد تفتیش کاروں کو شبہ ہوا کہ کسی نامعلوم شخص نے گینگ کا نام استعمال کرکے اداکار کو خوف زدہ کرنے اور رقم بٹورنے کی کوشش کی ہے۔

پولیس اب اس شخص کی شناخت اور آڈیو ریکارڈنگ کے اصل ماخذ کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تاحال اس معاملے میں ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تھی اور تحقیقات جاری تھیں۔

رنویر سنگھ سمیت کئی فنکاروں کو دھمکیاں

یہ پہلا موقع نہیں کہ بالی ووڈ سے وابستہ کسی فنکار کو لارنس بشنوئی گینگ کے نام سے دھمکی موصول ہوئی ہو۔ اس سے قبل اداکار رنویر سنگھ کے منیجر کو بھی مبینہ طور پر ہیری باکسر کی جانب سے وائس نوٹ بھیجے جانے اور 10 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

اسی طرح فلم ساز روہت شیٹی کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد بھی اس گینگ سے وابستہ افراد کی جانب سے ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔

پنجابی گلوکار گرو رندھاوا اور کامیڈین کپل شرما سے متعلق بھی دھمکیوں اور فائرنگ کے واقعات کی خبریں سامنے آچکی ہیں۔ تاہم ان تمام واقعات میں الزامات اور پولیس تحقیقات کو الگ الگ تناظر میں دیکھنا ضروری ہے۔