کراچی: موبائل فون کے بعد اب لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر پر بھی واٹس ایپ کا استعمال روزمرہ معمول بن چکا ہے۔ دفتری اجلاسوں، آن لائن رابطوں اور بیرون ملک موجود رشتے داروں سے بات چیت کے لیے صارفین واٹس ایپ کی وائس اور ویڈیو کالنگ سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں، تاہم بعض اوقات لیپ ٹاپ سے کال کرنے کی کوشش ناکام ہو جاتی ہے یا کال کے دوران آواز اور ویڈیو میں مسائل پیدا ہونے لگتے ہیں۔
ٹیکنالوجی سے متعلق دستیاب رہنمائی اور واٹس ایپ کے آفیشل ہیلپ سینٹر کے مطابق اس مسئلے کی ایک اہم وجہ کمپیوٹر کی پرائیویسی سیٹنگز میں مائیکروفون اور کیمرے تک رسائی کی اجازت نہ ہونا ہے۔ بظاہر معمولی نظر آنے والی یہ غلطی صارف کو کال کرنے سے روک سکتی ہے۔
مائیکروفون کی اجازت بند ہونا
واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ پر وائس کال کے لیے کمپیوٹر کے مائیکروفون تک رسائی ضروری ہے، جبکہ ویڈیو کال کے لیے کیمرے کی اجازت بھی درکار ہوتی ہے۔ اگر ونڈوز کی پرائیویسی سیٹنگز میں یہ سہولت بند ہو تو ایپ مطلوبہ ڈیوائس استعمال نہیں کر پاتی۔
انٹرنیٹ کی کمزور رفتار بھی مسئلہ
واٹس ایپ کالنگ انٹرنیٹ کنکشن کے ذریعے کام کرتی ہے۔ اگر لیپ ٹاپ کا انٹرنیٹ بار بار منقطع ہو، وائی فائی سگنل کمزور ہوں یا نیٹ ورک میں اتار چڑھاؤ ہو تو کال کنیکٹ ہونے میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔ بعض صورتوں میں کال کے دوران آواز رکنے یا ویڈیو متاثر ہونے کی شکایت بھی سامنے آ سکتی ہے۔
براؤزر کی اجازت اور پرانا سافٹ ویئر
جو صارفین گوگل کروم، مائیکروسافٹ ایج یا دوسرے براؤزر کے ذریعے واٹس ایپ ویب استعمال کرتے ہیں، انہیں بھی براؤزر کی سیٹنگز پر توجہ دینی چاہیے۔ اگر ویب سائٹ کو مائیکروفون یا کیمرے تک رسائی حاصل نہ ہو تو کالنگ متاثر ہو سکتی ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق ویب کالنگ ونڈوز، میک او ایس اور لینکس پر دستیاب ہے اور کروم، ایج، سفاری اور فائر فاکس کے جدید ورژنز پر بہتر کام کرتی ہے۔ تاہم یہ سہولت مرحلہ وار متعارف کرائی گئی ہے، اس لیے بعض صارفین کو دستیاب نہ ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ کا پرانا ورژن یا غیر اپ ڈیٹ شدہ براؤزر بھی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ اسی لیے ایپ اور براؤزر کو تازہ ترین دستیاب ورژن پر رکھنا بہتر ہے۔
ایک ساتھ دو ایپس
اگر لیپ ٹاپ پر زوم، مائیکروسافٹ ٹیمز یا کوئی دوسری ویڈیو کالنگ ایپ پہلے سے مائیکروفون یا کیمرہ استعمال کر رہی ہو تو واٹس ایپ کو ان ڈیوائسز تک رسائی میں دشواری ہو سکتی ہے۔
اسی طرح غلط مائیکروفون، اسپیکر یا ہیڈفون منتخب ہونے سے بھی صارف کو آواز سننے یا اپنی آواز دوسرے شخص تک پہنچانے میں پریشانی ہو سکتی ہے۔ واٹس ایپ نے بہتر آڈیو کوالٹی کے لیے ہیڈسیٹ استعمال کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔
فائر وال اور نیٹ ورک کی پابندیاں
بعض دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر تنظیموں کے انٹرنیٹ نیٹ ورکس میں سکیورٹی پالیسیوں کے تحت مخصوص انٹرنیٹ ٹریفک محدود ہوتی ہے۔ واٹس ایپ کی آفیشل رہنمائی کے مطابق روٹر کی سکیورٹی سیٹنگز یا فائر وال کی پابندیاں بھی کال کنیکٹ ہونے میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
ایسی صورت میں نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ کرکے مسئلے کی جانچ کرانا مناسب ہے۔
واٹس ایپ کالنگ کا مسئلہ کیسے حل کریں؟
صارفین چند آسان اقدامات کے ذریعے اس مسئلے کی بنیادی وجوہات جانچ سکتے ہیں۔
جیسے لیپ ٹاپ کا انٹرنیٹ کنکشن چیک کریں اور ضرورت پڑنے پر دوسرے وائی فائی نیٹ ورک سے رابطہ کرکے دیکھیں۔
ونڈوز کی سیٹنگز میں جا کر مائیکروفون اور کیمرے کی اجازت فعال کریں۔اگر واٹس ایپ ویب استعمال کر رہے ہیں تو براؤزر میں ویب سائٹ کی مائیکروفون اور کیمرے کی اجازت چیک کریں۔
اس کےعلاوہ زوم، ٹیمز اور دیگر کالنگ ایپس بند کرکے دوبارہ کوشش کریں۔واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ اور براؤزر کو اپ ڈیٹ کریں۔مائیکروفون، اسپیکر اور ہیڈفون کی درست سیٹنگز منتخب کریں۔واٹس ایپ یا براؤزر بند کرکے دوبارہ کھولیں، ضرورت پڑنے پر لیپ ٹاپ ری اسٹارٹ کریں۔
مائیکروفون کی اجازت کے لیے ونڈوز 11 میں سیٹنگز، پرائیویسی اینڈ سیکیورٹی اور مائیکروفون میں جا کر رسائی چیک کی جا سکتی ہے، جبکہ کیمرے کے لیے اسی حصے میں کیمرے کی سیٹنگ موجود ہے۔ ونڈوز 10 میں یہ آپشن سیٹنگز کے پرائیویسی سیکشن میں ملتا ہے۔
مائیکروفون کی اجازت کے لیے ونڈوز 11 میں سیٹنگز، پرائیویسی اینڈ سیکیورٹی اور مائیکروفون میں جا کر رسائی چیک کی جا سکتی ہے، جبکہ کیمرے کے لیے اسی حصے میں کیمرے کی سیٹنگ موجود ہے۔ ونڈوز 10 میں یہ آپشن سیٹنگز کے پرائیویسی سیکشن میں ملتا ہے۔
واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ اور واٹس ایپ ویب میں فرق
یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ لیپ ٹاپ پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے دو عام طریقے ہیں۔ ایک مائیکروسافٹ اسٹور یا آفیشل ویب سائٹ سے انسٹال ہونے والی ڈیسک ٹاپ ایپ اور دوسرا براؤزر کے ذریعے واٹس ایپ ویب۔
ونڈوز کے لیے واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ کو ونڈوز 10 کے 64 بٹ ورژن 1903 یا اس کے بعد کے ورژنز کی ضرورت ہوتی ہے۔ دونوں طریقوں میں کالنگ کے لیے فعال انٹرنیٹ اور متعلقہ آڈیو ڈیوائسز ضروری ہیں۔


