انڈر 19 ایشیا کپ: سیمی فائنل میں بنگلادیش کو ہرا کرپاکستان ٹائٹل دفاع کے لیے پھر فائنل میں

مسقط: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

خلیجی ملک اومان میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31 اعشاریہ 4 اوورز میں محض 138 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے بنگلا دیشی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا اور حریف ٹیم کو بڑا مجموعہ بنانے کا موقع نہ دیا۔

پاکستان نے 139 رنز کا ہدف انتہائی پراعتماد انداز میں حاصل کیا اور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 21 اعشاریہ 5 اوورز میں 141 رنز بنا کر کامیابی اپنے نام کرلی۔

مقابلہ 169 گیندوں پہلے ہی ختم

اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے اور ٹائٹل کے دفاع کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھا دیا ہے۔

پاکستانی ٹیم نے گروپ مرحلے میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور اپنے تینوں میچز جیت کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

گرین شرٹس نے اپنے ابتدائی میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، بھارت کو 3 وکٹوں سے ہرایا جبکہ نیپال کے خلاف 101 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

اب پاکستانی ٹیم کی نظریں فائنل پر مرکوز ہیں جہاں وہ ایک مرتبہ پھر ایشیائی چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔