واشنگٹن: امریکی عدالت نے امریکی صدر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم امریکی سیاسی شخصیات کے قتل کی سازش کے مقدمے میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ یعنی 27 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کے شہر بروکلین کی وفاقی عدالت میں جج ایرک آر کومیتی نے سزا سنائی۔ انہیں بین الاقوامی سرحدوں سے تجاوز کرنے والی دہشت گردی کی کوشش اور قتل کے لیے معاوضے پر افراد کی خدمات حاصل کرنے کے جرائم میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔
امریکی استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ کا تعلق ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) سے تھا اور انہیں مبینہ طور پر امریکی سرزمین پر سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
عدالتی کارروائی میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق آصف مرچنٹ نے 2022 کے اواخر میں پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ کام شروع کیا تھا۔ بعد ازاں وہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنے مبینہ رابطہ کار سے متعدد مرتبہ ملے، جہاں انہیں انسدادِ جاسوسی اور انٹیلی جنس سے متعلق تربیت دی گئی۔
امریکی حکام کے مطابق اس مبینہ منصوبے کا مقصد جنوری 2020 میں امریکی ڈرون حملے میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینا تھا۔ مقدمے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ سابق امریکی صدر جو بائیڈن اور اقوام متحدہ میں سابق امریکی سفیر نکی ہیلی کے نام بھی ممکنہ اہداف کے طور پر سامنے آئے۔
استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ اپریل 2024 میں امریکا پہنچے اور وہاں اپنے منصوبے کے لیے مدد حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم جس شخص سے انہوں نے رابطہ کیا اس نے امریکی حکام کو اطلاع دے دی اور تفتیش میں معاون بن گیا۔
آصف مرچنٹ نے جن افراد کو اپنے منصوبے میں شامل کرنے کی کوشش کی وہ دراصل امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے خفیہ اہلکار تھے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر ان اہلکاروں کو 5 ہزار ڈالر پیشگی رقم بھی ادا کی تھی۔
آصف مرچنٹ کو 12 جولائی 2024 کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر رچمنڈ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ مارچ 2026 میں وفاقی جیوری نے انہیں مجرم قرار دیا تھا، جس کے بعد اب عدالت نے 330 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی قیادت کے خلاف بیرونی ممالک کی جانب سے دہشت گردی کی سازشیں برداشت نہیں کی جائیں گی اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ایران ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ یا دیگر امریکی سیاست دانوں کے قتل کی کسی سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔


