پسند کی شادی پر بہن کو جلانے کا منظر:رسوا تیرے عشق میں نشر سے پہلے ہی تنازع کا شکار

کراچی: پاکستانی ڈراما ’رسوا تیرے عشق میں‘ نشر ہونے سے پہلے ہی تنازع کا شکار ہوگیا۔ ڈرامے کے جاری کردہ ٹیزر میں پسند کی شادی کرنے پر ایک بھائی کو اپنی بہن کے خلاف انتہائی سنگین تشدد کرتے دکھایا گیا ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈرامے کی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جیو انٹرٹینمنٹ نے 18 نومبر کو ڈرامے کا پہلا ٹیزر جاری کیا، جس میں اداکارہ وشمہ فاطمہ دلہن کے لباس میں نظر آتی ہیں، جبکہ اذان سمیع خان ان کے بھائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ٹیزر کے ایک منظر میں دلہن اپنے بھائی سے معافی مانگتے ہوئے کہتی ہیں کہ آج ان کی شادی ہے اور محبت کرنا ہی ان کی غلطی بن گیا ہے۔ وہ بھائی سے سوال کرتی ہیں کہ انہوں نے اپنے ہاتھوں کو مہندی سے رنگا ہے تو وہ اپنے ہاتھ خون سے کیوں رنگنا چاہتا ہے؟

تاہم اس التجا کے باوجود بھائی کا کردار ادا کرنے والے اذان سمیع خان لائٹر نکالتے ہیں اور کمرے کو آگ لگا دیتے ہیں۔ اس کے بعد انہیں وہاں سے پُراعتماد انداز میں جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی۔ متعدد صارفین نے سوال اٹھایا کہ پاکستان جیسے معاشرے میں، جہاں خواتین کو غیرت کے نام پر تشدد اور قتل جیسے سنگین واقعات کا سامنا ہے، وہاں اس نوعیت کے مناظر کو کس انداز میں پیش کیا جانا چاہیے؟

ناقدین کا کہنا ہے کہ اعتراض صرف تشدد کے منظر پر نہیں بلکہ اس کی عکس بندی اور پس منظر میں استعمال ہونے والی موسیقی پر بھی ہے۔ ان کے مطابق خاتون کے ساتھ ہونے والے ظلم کے بجائے مرد کردار کو نمایاں اور پُراثر انداز میں دکھانے سے ایسا تاثر پیدا ہوتا ہے جیسے اس کا عمل کسی طاقت یا بہادری کا مظاہرہ ہو۔

بعض سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد جیسے حساس موضوعات کو اس انداز میں پیش کرنے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟

کچھ صارفین نے ڈرامے کے مصنفین، ہدایت کار اور پروڈیوسر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ غیرت کے نام پر تشدد ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے، اسے کسی بھی صورت قابلِ فخر یا قابلِ قبول انداز میں پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈرامے میں اذان سمیع خان ہیرو نہیں بلکہ منفی کردار ادا کر رہے ہیں اور کہانی میں اہم سماجی مسائل کو موضوع بنایا گیا ہے۔

ڈرامے میں اذان سمیع خان کے علاوہ آئینہ آصف اور سدرہ نیازی بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں، جبکہ اسے جیو انٹرٹینمنٹ اور پروڈیوسر بابر جاوید پیش کر رہے ہیں۔

ابھی تک ڈرامے کی پروڈکشن ٹیم یا اداکار اذان سمیع خان کی جانب سے ٹیزر پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔