گوگل کا خلا میں اے آئی ڈیٹا سینٹر بنانے کا منصوبہ

کیلی فورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ڈیٹا سینٹرز کی بجلی اور انہیں ٹھنڈا رکھنے کے اخراجات بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ اسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے گوگل نے ایک منفرد منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت مستقبل میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز زمین کے بجائے خلا میں قائم کیے جا سکتے ہیں۔

گوگل اپنے اس منصوبے کو پروجیکٹ سن کیچر کا نام دے رہا ہے۔ کمپنی کا ہدف ہے کہ 2029 کے آغاز میں بلیو اوریجن کے نیو گلین راکٹ کے ذریعے اے آئی سے لیس سیٹلائٹس خلا میں بھیجے جائیں۔ ان سیٹلائٹس کو سورج سے حاصل ہونے والی توانائی سے چلایا جائے گا، تاکہ مصنوعی ذہانت کے پیچیدہ نظام زمین پر قائم بڑے ڈیٹا سینٹرز کے بجائے خلا میں کام کرسکیں۔

گوگل کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد شمسی توانائی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اے آئی کمپیوٹنگ کے لیے درکار بجلی، زمین اور کولنگ سسٹمز پر انحصار کم کرنا ہے۔ اس طرح مستقبل میں ڈیٹا سینٹرز کے بڑھتے ہوئے توانائی کے تقاضوں کا متبادل تلاش کیا جا سکے گا۔

خلا میں کیسے کام کریں گے اے آئی سیٹلائٹس؟

گوگل کے منصوبے کے تحت چھوٹے سیٹلائٹس کا ایک گروپ تیار کیا جائے گا، جن میں کمپنی کے خصوصی ٹی پی یو پروسیسرز نصب ہوں گے۔ یہ پروسیسرز مصنوعی ذہانت کے نظام کو چلانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ سیٹلائٹس آپس میں جدید آپٹیکل لنکس کے ذریعے وائرلیس رابطہ قائم کریں گے، جس سے ان کے درمیان ڈیٹا کی منتقلی ممکن ہوگی۔

ان سیٹلائٹس کو نیو گلین راکٹ کے ذریعے ایک مخصوص سن سنکرونس مدار میں پہنچانے کا منصوبہ ہے۔ اس مدار کا انتخاب اس لیے اہم ہے کہ وہاں سیٹلائٹس کو طویل عرصے تک سورج کی روشنی سے توانائی حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ گوگل کے مطابق ہر سیٹلائٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ایک ڈیٹا سینٹر ریک کے برابر رکھنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

گوگل کے پروجیکٹ سن کیچر کے سینئر ڈائریکٹر ٹریوس بیلز کا کہنا ہے کہ کمپنی خلا میں دستیاب وافر شمسی توانائی کو استعمال کرتے ہوئے اے آئی ٹیکنالوجی چلانے کے امکانات پر کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں بلیو اوریجن کے ساتھ تعاون اہم پیش رفت ہے۔

ابتدائی سیٹلائٹ کا تجربہ کامیاب

گوگل اس منصوبے پر صرف نظریاتی طور پر کام نہیں کر رہا بلکہ ابتدائی تجربہ بھی کر چکا ہے۔ کمپنی اور اس کے شراکت دار ادارے پلانیٹ نے گزشتہ ماہ اسپیس ایکس کے ٹرانسپورٹر 18 مشن کے ذریعے چار پروسیسرز پر مشتمل ایک پروٹوٹائپ سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا۔

یکم اکتوبر کو ٹریوس بیلز نے بتایا تھا کہ اس سیٹلائٹ سے رابطہ قائم ہوگیا ہے اور وہ درست طریقے سے کام کر رہا ہے۔ اس تجربے کے ذریعے خلا میں موجود شدید گرمی، سردی اور تابکاری کے اثرات سے متعلق ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے، تاکہ مستقبل کے اے آئی سیٹلائٹس کی تیاری میں مدد مل سکے۔

خلا میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی دوڑ تیز

گوگل کے علاوہ دوسری کمپنیاں بھی خلا میں کمپیوٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ اسٹارکلاؤڈ نامی کمپنی نے 2025 کے آخر میں این ویڈیا کے ایچ1000 سسٹم جیسی ٹیکنالوجی خلا میں بھیجنے کا دعویٰ کیا تھا، جہاں اس کے مطابق ایک بڑے لینگویج ماڈل (ایل ایل ایم ) کی تربیت اور گوگل جیمنی کے ایک حصے کو چلانے کا تجربہ کیا گیا۔

دوسری جانب ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے بھی شمسی توانائی سے چلنے والے 10 لاکھ سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے کے منصوبے کے لیے امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) میں درخواست جمع کرائی ہے۔ کمپنی کا مقصد ٹیکساس میں بڑے پیمانے پر سیٹلائٹس کی تیاری کے لیے ایک بڑی فیکٹری قائم کرنا بھی ہے۔

ماہرین اور ٹیکنالوجی کمپنیاں خلا میں مسلسل دستیاب شمسی توانائی کو مستقبل کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے ایک ممکنہ فائدہ قرار دے رہی ہیں، تاہم اس ٹیکنالوجی کے سامنے سیٹلائٹس کی لاگت، انہیں خلا میں برقرار رکھنے، ڈیٹا کی منتقلی اور مرمت جیسے بڑے چیلنجز بھی موجود ہیں۔

اگر گوگل کا منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو مستقبل میں مصنوعی ذہانت کے لیے درکار کمپیوٹنگ کا ایک حصہ زمین سے خلا میں منتقل ہوسکتا ہے، جس سے توانائی کے استعمال اور ڈیٹا سینٹرز کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔