تہران: ایران میں بغیر حجاب آن لائن کنسرٹ کرنے والی معروف گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کی ٹیم کے چار ارکان کو 74، 74 کوڑوں کی سزا دے دی گئی۔ یہ کارروائی دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر نشر کیے گئے ایک کنسرٹ کے مقدمے میں عدالتی فیصلے کے بعد عمل میں لائی گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور دیگر عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ کے وکیل مصطفیٰ نیلی نے بتایا کہ پرستو احمدی اور ان کی ٹیم کے چار ارکان کو قُم میں سزا دی گئی۔ سزا پانے والوں میں گلوکارہ کے علاوہ تین موسیقار اور کنسرٹ کے منتظم محسن لشکری شامل ہیں۔
اس مقدمے کا آغاز دسمبر 2024 میں اس وقت ہوا جب پرستو احمدی نے بغیر حجاب گانا گاتے ہوئے اپنا کنسرٹ ریکارڈ کیا اور اسے یوٹیوب پر نشر کردیا۔ اس پرفارمنس میں ان کے ساتھ مرد موسیقار بھی موجود تھے، جبکہ کنسرٹ میں کوئی براہ راست سامعین شریک نہیں تھے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئی اور اسے لاکھوں افراد نے دیکھا۔ ایرانی حکام نے اس پرفارمنس کو ملکی قوانین اور ضابطوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے گلوکارہ اور ان کی ٹیم کے خلاف مقدمہ قائم کیا۔
ایرانی عدالت نے پانچوں افراد کو عوامی اخلاقیات کو متاثر کرنے اور آن لائن غیر اخلاقی مواد کی تیاری و تشہیر کے الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔ عدالت نے ہر ایک کو 74 کوڑوں کے علاوہ دو سال تک موسیقی اور دیگر فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی کی سزا بھی سنائی تھی۔
رپورٹس کے مطابق عدالت نے مجموعی طور پر نو افراد کو ان سزاؤں کا مستحق قرار دیا تھا، تاہم تازہ اطلاعات میں گلوکارہ اور ان کی ٹیم کے چار ارکان کو سزا دیے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ستمبر 2026 میں قم کی اپیل کورٹ نے بھی ان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پہلے سے سنائی گئی سزا برقرار رکھی تھی۔
اس واقعے پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے تنقید کرتے ہوئے کوڑوں کی سزا کو ظالمانہ اور غیر انسانی قرار دیا ہے۔ ان تنظیموں کے مطابق فنکارانہ اظہار اور خواتین کی آزادی سے متعلق معاملات میں ایسی سزائیں بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھاتی ہیں۔


