پوری توجہ ریڈ بال کرکٹ پر ہے جبکہ وائٹ بال کرکٹ کا فیصلہ بورڈ کرے گا: سرفراز

کراچی میں پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بنگلا دیش کے خلاف آئندہ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کو روزانہ دو سیشنز میں ٹریننگ دی جا رہی ہے، جس میں صبح کے وقت نیٹ پریکٹس جبکہ شام میں فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والے کھلاڑی 4 تاریخ کو بنگلا دیش میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ سات سے آٹھ ماہ سے کوچنگ سرکٹ میں کام کر رہے ہیں اور اس موقع پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔

ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ ان کی مکمل توجہ ریڈ بال کرکٹ پر مرکوز ہے جبکہ وائٹ بال کرکٹ سے متعلق فیصلے بورڈ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے تاکہ ٹیم میں نئی صلاحیتوں کو شامل کیا جا سکے۔

بابر اعظم کی فارم میں واپسی کو انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا ماحول نہایت مثبت ہے اور کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے درمیان بہترین تال میل موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلا دیش کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں کیمپ لگایا گیا ہے تاکہ کھلاڑی بہتر انداز میں خود کو تیار کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے نئے سائیکل کا آغاز کامیابی کے ساتھ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔