پی این ایس/ایم ہنگور کی کمیشننگ تقریب چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی، جس میں آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں موجود تھے۔
صدر زرداری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاک بحریہ کی جدیدیت کی جانب ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جو پاکستان کے مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتبار دفاعی نظام کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، سمندری مفادات کے تحفظ اور معاشی راہداریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ اہم سمندری گزرگاہوں پر بڑھتے ہوئے خطرات عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کے لیے چیلنج بن رہے ہیں، ایسے میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری قوت ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، جو خطے میں سمندری استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ “ہنگور” کا نام قومی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ 1971 میں اسی نام کی آبدوز نے دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلی بار ایک جنگی جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔ نئی ہنگور آبدوز اس روایت کو آگے بڑھائے گی اور پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرے گی۔


