سلمان خان کی پہلی سپر ہیرو فلم: اکتوبر 2026 میں شوٹنگ کا آغاز

بالی وڈ اسٹار سلمان خان پہلی بار ایک باقاعدہ سپر ہیرو کے روپ میں اسکرین پر نظر آئیں گے۔ ‘دی فیملی مین’ اور ‘فارزی’ جیسی مشہور ویب سیریز بنانے والی جوڑی راج اور ڈی کے کے ساتھ سلمان خان کا یہ بڑا پروجیکٹ اکتوبر 2026 میں فلور پر جائے گا۔

بھارتی میدیئا کے مطابق اس فلم کو اتل اگنی ہوتری پروڈیوس کر رہے ہیں، جبکہ میتھری مووی میکرز کے ساتھ بطور اسٹوڈیو پارٹنر بات چیت آخری مراحل میں ہے۔

یہ ایک بڑے بجٹ کی فلم ہے جسے عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ اس وقت فلم کی پری پروڈکشن، ویژولائزیشن اور تکنیکی پہلوؤں پر کام جاری ہے۔

میڈیا میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سمانتھا روتھ پربھو اس فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی، تاہم فلم کی ہیروئن کا فیصلہ اگلے چند ماہ میں کیا جائے گا۔

سلمان خان اس وقت ڈائریکٹر ومشی پیڈی پلے کی ایک ایکشن فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں نین تارا ان کے مدمقابل ہیروئن ہیں۔ یہ فلم عید 2027 پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔