ہتک عزت کیس میں گلوکار علی ظفر کو ہرجانہ دینے کا فیصلہ معطل

لاہور ہائی کورٹ نے ہتکِ عزت کے مقدمے میں سیشن عدالت کی جانب سے معروف گلوکار علی ظفر کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ دینے کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔

یہ سماعت میشا شفیع کی اپیل پر جسٹس احمد ندیم ارشد نے کی۔ عدالت نے میشا شفیع کو ہدایت کی کہ وہ ہرجانے کی آدھی رقم نقد عدالت میں جمع کروائیں جبکہ باقی آدھی رقم کے لیے شیورٹی فراہم کریں۔

عدالت نے علی ظفر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، تاہم میشا شفیع کے وکیل کی جانب سے ٹرائل کورٹ کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں میشا شفیع کو دوبارہ جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے سے روکا ہے، اور اس حکم کو معطل نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے واضح کیا کہ کسی کو بھی بغیر ثبوت ایسے الزامات دہرانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔