کبھی کبھی رشتوں کی گہرائی صرف محبت سے نہیں بلکہ سمجھداری سے بھی ناپی جاتی ہے۔ یہی بات پاکستانی اداکارہ فضیلہ قاضی نے ایک منفرد انداز میں بیان کی۔
ایک مارننگ شو میں گفتگو کے دوران انہوں نے روایتی شوہر سے ہر بات شیئر کریں کے تصور کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے کچھ راز ایسے بھی ہوتے ہیں جو ہر کسی کے ساتھ بانٹنے ضروری نہیں ہوتے—حتیٰ کہ شریکِ حیات کے ساتھ بھی نہیں۔
فضیلہ قاضی نے اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی میں مردوں کا کردار زیادہ رہا،بھائی، بیٹے اور شوہر، مگر باتوں کے لیے ان کا جھکاؤ ہمیشہ بھائیوں کی طرف رہا۔ شوہر بعض اوقات باتوں کو یاد رکھتے ہیں اور وقت آنے پر انہیں دہرا بھی دیتے ہیں، اس لیے احتیاط بہتر ہے۔
ان کی گفتگو محض ایک مشورہ نہیں بلکہ ایک مختلف زاویہ ہے۔ ایک ایسا زاویہ جو روایتی ازدواجی سوچ سے ہٹ کر ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ہر بات بتانا ضروری نہیں، اور نہ ہی ہر بات چھپانا نقصان دہ ہوتا ہے۔ شوہروں کے اندر کی عورت بدلہ لینے کبھی بھی جاگ سکتی ہے۔


