انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں اور خواتین کی نئی سالانہ ٹی 20 رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان سمیت ٹاپ ٹیموں کی پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
آئی سی سی کے مطابق، ورلڈ چیمپئن بھارت ایک پوائنٹ کی کمی کے باوجود بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
رینکنگ میں شامل ابتدائی سات ٹیموں کی پوزیشنز برقرار ہیں: انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔جنوبی افریقا پانچویں، پاکستان چھٹے اور ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
درجہ بندی میں واحد بڑی تبدیلی سری لنکا اور بنگلا دیش کی پوزیشنز میں ہوئی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم 6 پوائنٹس کی کمی کے باعث آٹھویں سے نویں نمبر پر چلی گئی ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیش آٹھویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔ افغانستان دسویں، زمبابوے گیارہویں اور آئرلینڈ بارہویں نمبر پر ہیں۔
خواتین کی سالانہ ٹی 20 رینکنگ میں پہلی 10 پوزیشنز میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔
آسٹریلیا پہلے، انگلینڈ دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستانی خواتین ٹیم کی آٹھویں پوزیشن برقرار ہے۔


