پاکستانی اسپنر عثمان طارق نے انگلینڈ کے ٹی 20 ٹورنامنٹ ‘وائٹلٹی بلاسٹ’ کے لیے واروکشائر کاؤنٹی کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ 28 سالہ اسپنر پورے سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے، جس کے بعد وہ ‘دی ہنڈریڈ’ میں برمنگھم فینکس کی نمائندگی کریں گے۔
عثمان طارق نے بہت کم وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ صرف دو سال کے مختصر عرصے میں انہوں نے ڈومیسٹک سے انٹرنیشنل کرکٹ تک کا سفر طے کیا۔
بین الاقوامی سطح پر عثمان آف بریک اور گگلی کے ساتھ ساتھ بال ڈیلیور کرنے سے قبل اپنے مخصوص ‘ٹریڈ مارک پاؤز’ (وقفے) کے لیے مشہور عثمان طارق 9 ٹی 20 میچز میں 11.16 کی اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
واروکشائر کے پرفارمنس ڈائریکٹر جیمز تھامس نے اس دستخط پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عثمان ایک ہائی امپیکٹ کھلاڑی ہیں جن کی شمولیت سے ٹیم کے وائٹ بال سیٹ اپ کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وائٹلٹی بلاسٹ اور دی ہنڈریڈ کے درمیان عثمان کی موجودگی سے کلب اور فرنچائز کے درمیان ایک مضبوط ربط پیدا ہوگا۔
عثمان طارق بھی واروکشائر بیئرز کے لیے اپنی تمام تر توانائی صرف کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اسکواڈ کا حصہ بننا ان کے لئے بہترین احساس ہے اور وہ اس موسمِ گرما میں ایجبسٹن کے میدان میں شائقین کے سامنے کھیلنے کے منتظر ہیں۔
واروکشائر نے اس سیزن کے لیے معین علی کی جگہ اردن تھامسن اور عثمان طارق کے ہمراہ دوسرے غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر بیو ویبسٹر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔


