مشہور بالی وڈ ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے بلآخر فیشن کی دنیا کا آسکر کہے جانے والے سالان ایونٹ میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر اپنے قدم رکھ دیے ہیں۔ اپنے منفرد ملبوسات سے سب کی توجہ سمیٹنے کے ساتھ ساتھ، کرن جوہر نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں شاہ رخ خان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ کی سیڑھیوں پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرن جوہر نے اپنی کامیابی کا سہرا کنگ خان کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ لمحہ بہت جذباتی ہے۔ شاہ رخ خان میری پیشہ ورانہ زندگی کا ایک بہت بڑا حصہ ہیں۔ میں نے اپنی پہلی پانچ فلمیں ان کے ساتھ کیں اور آج میں جس مقام پر کھڑا ہوں، وہ ان ہی کی وجہ سے ہے۔
کرن نے مزید کہا کہ گزشتہ سال شاہ رخ خان کا اس ریڈ کارپٹ پر ہونا اور اس سال ان کا یہاں آنا ایک مکمل دائرہ مکمل ہونے جیسا محسوس ہوتا ہے۔
پیشہ ورانہ باتوں کے علاوہ کرن نے ایک دلچسپ انکشاف بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی خواہش ہے کہ وہ مشہور عالمی گلوکارہ سبریینا کارپینٹر سے ملیں۔ کرن کا کہنا تھا کہ اگر وہ ان سے ملنے میں کامیاب ہو گئے تو وہ اپنی بیٹی کی نظر میں بہترین باپ بن جائیں گے۔


