میڈونا، شکیرا اور بی ٹی ایس پہلی بار ورلڈ کپ فائنل ہاف ٹائم شو میں پرفارم کریں گے

شکیرا ، میڈونا اور عالمی شہرت یافتہ کے-پاپ گروپ بی ٹی ایس آئندہ فیفا ورلڈ کپ فائنل کے پہلے تاریخی ہاف ٹائم شو میں مرکزی پرفارمرز ہوں گے۔ یہ شو 19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

فیفا کے مطابق یہ پہلی بار ہوگا کہ ورلڈ کپ فائنل میں سپر باؤل طرز کا میوزیکل شو شامل کیا جا رہا ہے۔ شو کی تیاری اور کوریوگرافی کرس مارٹن کر رہے ہیں۔

فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے اسے ورلڈ کپ کی تاریخ کا “یادگار لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ دنیا کے سب سے بڑے اسپورٹس مقابلے کے شایانِ شان ہوگا۔ تاہم فٹبال ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہاف ٹائم کے روایتی 15 منٹ کے دورانیے میں توسیع ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس سے قبل بھی 2024 کوپا امریکا فائنل اور فیفا کلب ورلڈ کپ میں ہاف ٹائم شوز کیے جا چکے ہیں۔

فیفا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ فائنل ویک اینڈ پر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ اس شو کا مقصد گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ کیلئے 10 کروڑ ڈالر جمع کرنا بھی ہے۔

شکیرا اس سے قبل بھی 2010، 2006 اور 2014 کے ورلڈ کپ میں اپنی پرفارمنس کے باعث شائقین کی توجہ کا مرکز رہ چکی ہیں۔