کوئٹہ میں ٹرین پر خودکش حملے میں14 افراد جاں بحق

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، دھماکے کے باعث ٹرین، گاڑیوں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں ایف سی کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا اور عوامی مقامات پر حملے دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو احتیاطی تدابیر کے تحت کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے جبکہ ریلوے ٹریک کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔