آئی سی سی پلیئرز رینکنگ : ابرار ، بابر اور رضوان کی ترقی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس میں کئی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔

ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک نے ایک بار پھر دنیا کے نمبر ون بیٹر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ بروک نے نیوزی لینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں اہم اننگز کھیل کر یہ مقام حاصل کیا جبکہ سابق نمبر ون بیٹر جو روٹ دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ایک درجے ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بھارت کے شبمن گل نے افغانستان کے خلاف شاندار سنچری کی بدولت دو درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن سنبھال لی ہے، جبکہ پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان ایک ایک درجہ بہتری کے بعد بالترتیب 20ویں اور 21ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں بھارت کے جسپریت بمرا بدستور سرفہرست ہیں، تاہم پاکستان کے نعمان علی ایک درجہ ترقی پا کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے گس اٹکنسن نے لارڈز ٹیسٹ میں سات وکٹیں حاصل کرنے کے بعد سات درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے۔

ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جدیجا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بنگلادیش کے مہدی حسن میراز تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے گس اٹکنسن نے آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی دو درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل پہلے، بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار رہی ہے۔

پاکستان کے لیے سب سے بڑی خوشخبری ون ڈے بولرز کی رینکنگ سے آئی جہاں ابرار احمد دو درجے ترقی کے بعد دنیا کے دوسرے بہترین ون ڈے بولر بن گئے ہیں۔ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ انگلینڈ کے جوفرا آرچر تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے بھی آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد چار درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے ٹاپ 10 میں واپسی کر لی ہے اور وہ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ابرار احمد نے چھ جبکہ شاہین آفریدی نے سات وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کا فائدہ انہیں نئی رینکنگ میں ملا۔

دوسری جانب بنگلادیش کے نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا نے سب سے بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 23 درجے ترقی حاصل کی اور 24ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیا کے نیتھن ایلس بھی 13 درجے بہتری کے بعد 31ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔