واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ٹیکنالوجی کے شعبے کے معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کی زندگی ان کی بے پناہ دولت کے باوجود حیرت انگیز طور پر سادہ ہے۔
اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے بارے میں رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ پرتعیش محلات اور مہنگی رہائش گاہوں کے بجائے امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک نسبتاً چھوٹے پری فیبریکیٹڈ گھر میں رہتے ہیں، جس کا رقبہ تقریباً 400 مربع فٹ بتایا جاتا ہے۔
حالیہ عرصے میں اسپیس ایکس کی کامیابی اور کمپنی کی قدر میں نمایاں اضافے کے بعد ایلون مسک کی مجموعی دولت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی کے شیئرز میں تیزی کے باعث ان کی دولت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کے بعد وہ دنیا کے امیر ترین شخص کے طور پر مزید مضبوط مقام حاصل کر چکے ہیں۔
ایلون مسک کی طرزِ زندگی کے حوالے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ انہیں میٹھی اشیا پسند ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر مزاحیہ انداز میں لکھا تھا کہ وہ روزانہ صبح ایک ڈونٹ کھاتے ہیں اور اب تک بالکل صحت مند ہیں۔
بے پناہ دولت کے باوجود ایلون مسک کی سادہ رہائش اور غیر روایتی طرز زندگی اکثر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتی رہتی ہے، جبکہ ان کی کاروباری کامیابیاں دنیا بھر میں زیر بحث رہتی ہیں۔











