اہم ترین

فیفا ورلڈ کپ 2026: آسٹریلیا نے ترکیہ کی واپسی کا جشن پھیکا کر دیا، 0-2 سے کامیابی حاصل کر لی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 سال بعد عالمی کپ میں واپسی کرنے والی ترکیہ کو 0-2 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔

کینیڈا کے شہر وینکوور کے بی سی پلیس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں آسٹریلوی ٹیم کے لیے نیسٹوری ایرانکونڈا اور کونر میٹکالف نے گول اسکور کیے، جبکہ گول کیپر پیٹرک بیچ نے آٹھ اہم سیوز کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کے کوچ ٹونی پوپووچ نے ٹیم کے انتخاب میں حیران کن فیصلے کرتے ہوئے تجربہ کار کپتان اور گول کیپر میٹی ریان کو بینچ پر بٹھایا اور نسبتاً کم تجربہ رکھنے والے پیٹرک بیچ کو میدان میں اتارا۔ نائب کپتان جیکسن اروائن کی جگہ 21 سالہ مڈفیلڈر پال اوکون-اینگسٹلر کو بھی ابتدائی ٹیم میں شامل کیا گیا، اور یہ دونوں فیصلے کامیاب ثابت ہوئے۔

پہلے ہاف میں پال اوکون-اینگسٹلر کی ایک شاندار لانگ پاس نے ترکیہ کے دفاع کو چیرتے ہوئے نیسٹوری ایرانکونڈا کو گول کرنے کا موقع فراہم کیا، جس سے آسٹریلیا کو برتری حاصل ہوئی۔ بعد ازاں کونر میٹکالف نے دوسرا گول کر کے فتح پر مہر ثبت کر دی۔

اگرچہ ترکیہ نے پورے میچ میں گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا اور متعدد حملے کیے، تاہم آسٹریلوی دفاع اور گول کیپر پیٹرک بیچ ان کی راہ میں مضبوط دیوار بنے رہے۔ 27ویں منٹ میں ریال میڈرڈ کے اسٹار آردا گولر نے خطرناک شاٹ لگایا، لیکن پیٹرک بیچ نے عمدہ سیو کر کے اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔

2002 کے عالمی کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی ترکیہ کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کے بڑے خواب لے کر شمالی امریکا پہنچی ہے، تاہم اپنے پہلے ہی میچ میں اسے منظم اور نوجوان آسٹریلوی ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان