اہم ترین

ہریتھک روشن کا ہالی ووڈ کی جانب بڑا قدم، عالمی ٹیلنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ

بالی ووڈ سپر اسٹار ہریتھک روشن نے عالمی میڈیا اور ٹیلنٹ کمپنی اینونیمس کنٹینٹ کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، جسے ان کے بین الاقوامی کیریئر کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اگرچہ ابھی تک ہریتھک روشن کی کسی ہالی ووڈ فلم یا ویب سیریز کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم فلمی حلقوں میں اس معاہدے کو عالمی سطح پر ان کی موجودگی مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

اینونیمس کنٹینٹ دنیا بھر کے معروف فلم سازوں، مصنفین اور فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے جانی جاتی ہے اور متعدد بین الاقوامی منصوبوں میں اہم کردار ادا کر چکی ہے۔ مبصرین کے مطابق ہریتھک روشن کا یہ قدم صرف ایک نئی ایجنسی کے ساتھ شراکت نہیں بلکہ عالمی کو-پروڈکشن، اسٹریمنگ مواد اور نئے تخلیقی اشتراکات کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

ہریتھک روشن اس وقت اپنی مقبول سپر ہیرو فرنچائز ’کرش 4‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں وہ پہلی بار ہدایت کاری کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے پروڈکشن بینر ایچ آر ایکس فلمز کے ذریعے بطور پروڈیوسر بھی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کر رہے ہیں۔

حال ہی میں ہریتھک روشن نے جنوبی بھارت کے معروف پروڈکشن ہاؤس ہومبلے فلمز کے ساتھ ایک پین انڈیا فلم کے لیے بھی اشتراک کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ پرائم ویڈیو کے لیے دو بڑے منصوبوں پر بھی کام کریں گے۔

فلمی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی عالمی شراکت ہریتھک روشن کے لیے ہالی ووڈ اسٹوڈیوز، بین الاقوامی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور عالمی سطح کے تخلیقی منصوبوں تک رسائی کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پریانکا چوپڑا، عالیہ بھٹ، رادھیکا آپٹے اور ودیوت جموال سمیت کئی بھارتی ستارے بھی بین الاقوامی ٹیلنٹ ایجنسیوں کے ساتھ منسلک ہو کر عالمی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی شناخت مضبوط کر چکے ہیں

پاکستان