اہم ترین

فون کی بیٹری جلدی چارج کس موڈ میں ہوتی ہے؟ ایئرپلین موڈ یا ڈی این ڈی؟

اسمارٹ فونز میں موجود ایئرپلین موڈ اور ڈو ناٹ ڈسٹرب (ڈی این ڈی) موڈ دونوں ہی بیٹری کی کھپت کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، تاہم سوال یہ ہے کہ ان میں سے کون سا آپشن بیٹری زیادہ بچاتا ہے اور فون کو نسبتاً تیزی سے چارج ہونے میں مدد دیتا ہے۔

ایئرپلین موڈ آن کرنے سے فون کے تمام وائرلیس کنکشنز، جن میں موبائل نیٹ ورک، وائی فائی اور بلوٹوتھ شامل ہیں، بند ہو جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں فون مسلسل سگنل تلاش کرنے یا نیٹ ورک سے جڑے رہنے کے لیے اضافی توانائی استعمال نہیں کرتا، جس سے بیٹری کی کھپت نمایاں طور پر کم ہو جاتی ہے۔

دوسری جانب ڈو ناٹ ڈسٹرب (ڈی ای نڈی) موڈ صرف نوٹیفکیشنز، وائبریشن اور آوازوں کو محدود کرتا ہے۔ اس موڈ میں موبائل نیٹ ورک، وائی فائی، بلوٹوتھ اور بیک گراؤنڈ ایپس حسب معمول کام کرتی رہتی ہیں، جس کی وجہ سے بیٹری کی بچت محدود رہتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر مقصد زیادہ بیٹری بچانا یا فون کو نسبتاً تیزی سے چارج کرنا ہو تو ایئرپلین موڈ زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے، کیونکہ اس میں غیر ضروری کنکٹیویٹی بند ہونے سے توانائی کی کھپت کم ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس ڈی این ڈی موڈ صرف نوٹیفکیشنز سے پیدا ہونے والی معمولی پاور کھپت کو کم کرتا ہے۔

لہٰذا بیٹری بیک اپ بڑھانے اور چارجنگ کے دوران توانائی کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنے کے لیے ایئرپلین موڈ کو بہتر انتخاب قرار دیا جاتا ہے۔

\

پاکستان