حج 2027 کی تیاریاں شروع، سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت اقدامات شروع

وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے خواہشمند عازمین کی رجسٹریشن جلد شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق یہ اقدام سعودی حکومت کی ہدایات اور مقررہ ٹائم لائن کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ حج انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔

وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کروانے والے تمام افراد کے پاس کارآمد پاسپورٹ ہونا ضروری ہے، جس کی معیاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستانی سفارت خانوں، مشنز یا ریجنل پاسپورٹ دفاتر سے فوری طور پر اپنے پاسپورٹ بنوا لیں یا ان کی تجدید کرا لیں۔

وزارت کے مطابق رجسٹریشن کروانے والے افراد کو بعد ازاں سرکاری اور نجی حج اسکیموں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی حج 2027 کی رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حج 2027 کی ابتدائی رجسٹریشن کے لیے کسی قسم کی فیس مقرر نہیں کی گئی۔ حج پیکیج، اخراجات، سہولیات اور دیگر شرائط و ضوابط آئندہ حج پالیسی 2027 کے تحت علیحدہ طور پر جاری کیے جائیں گے۔

وزارتِ مذہبی امور نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن اور دیگر معلومات کے لیے وزارت کی سرکاری ویب سائٹ سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ تازہ ترین اعلانات اور ہدایات سے بروقت آگاہی حاصل کی جا سکے۔