اہم ترین

فیفا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم : جرمنی نے برازیل سے اعزاز چھین لیا

جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار آغاز کرتے ہوئے کیوراساؤ کو 1-7 سے شکست دے کر ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ جرمنی ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔

کیوراساؤ کے خلاف ساتواں گول اسکور کرتے ہی جرمنی کے مجموعی ورلڈ کپ گولز کی تعداد 239 تک پہنچ گئی، یوں پانچ بار کی عالمی چیمپیئن برازیل کی قومی فٹبال ٹیم 238 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی۔ اس فہرست میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم 152 گولز کے ساتھ تیسرے، جبکہ فرانس کی قومی فٹبال ٹیم 136 گولز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ اٹلی کی قومی فٹبال ٹیم 128 گولز کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے۔

جرمن ٹیم نے میچ کے چھٹے ہی منٹ میں برتری حاصل کر کے اپنے عزائم واضح کر دیے، تاہم کیوراساؤ نے جلد ہی اسکور 1-1 سے برابر کر کے سب کو حیران کر دیا۔ اس کے بعد جرمنی نے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

نیکو شلوٹر بیک نے ہیڈر کے ذریعے جرمنی کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں کائی ہیورٹز نے پنالٹی پر گول کرکے اسکور 3-1 کر دیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز کے صرف 69 سیکنڈ بعد جمال موسیالا نے گیند جال میں پہنچا کر جرمنی کا چوتھا گول کیا۔ ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنے والے نیتھنیئل براؤن نے پانچواں گول اسکور کیا، جبکہ ڈینس اونداو نے چھٹا گول داغا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں کائی ہیورٹز نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا ساتواں گول کرکے جرمنی کی یادگار فتح پر مہر ثبت کر دی۔

اس تاریخی کامیابی کے ساتھ جرمنی نے نہ صرف ورلڈ کپ 2026 کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

پاکستان