بالی ووڈ کی موسیقی کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی معروف گلوکار ان دنوں مختلف صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، جس کے باعث ان کے مداحوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ حال ہی میں معروف گلوکار سونو نگم نے اپنی بیماری سے متعلق تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اعصاب کے دباؤ کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل علاج کروا رہے ہیں۔
سونو نگم کے مطابق ان کے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کیے جا چکے ہیں جبکہ فزیوتھراپی اور ادویات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاج کے دوران انہیں شدید درد کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث درد کم کرنے والی ادویات اور پٹھوں کو آرام پہنچانے والی دوا بھی دی جا رہی ہے۔ ان ادویات کے اثرات کے سبب ان کی آواز پر بھی وقتی اثر پڑا ہے۔
دوسری جانب معروف پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک بھی ایک نایاب سماعتی عارضے میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ ایک وائرل انفیکشن کے بعد ان کی سماعت متاثر ہوئی، جسے ڈاکٹروں نے ’’سینسری نیورل ہیئرنگ لاس‘‘ قرار دیا۔ اس بیماری کے باعث وہ گزشتہ کچھ عرصے سے موسیقی کے منصوبوں میں محدود انداز میں حصہ لے رہی ہیں۔
الکا یاگنک نے موسیقی سے وابستہ افراد کو طویل وقت تک ہیڈ فون استعمال کرنے اور تیز آوازوں کی مسلسل زد میں رہنے سے احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔











