اہم ترین

پاکستان میں جدید روبوٹک سرجری کا نیا دور، آغا خان اسپتال کے دو بڑے معاہدے

آغا خان یونیورسٹی اسپتال نے ملک میں جدید طبی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے جدید روبوٹک سرجری نظام متعارف کرانے کے لیے دو الگ الگ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر دیے ہیں۔ ان معاہدوں کے ذریعے پاکستان بھر کے مریضوں کو عالمی معیار کی جدید اور کم سے کم تکلیف دہ جراحی سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔

اس سلسلے میں پہلا معاہدہ مائیکروپورٹ کے ساتھ کیا گیا ہے، جس کے تحت عالمی سطح پر استعمال ہونے والا ’’ٹومائی سرجیکل روبوٹک سسٹم‘‘ آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے شعبۂ سرجری میں متعارف کرایا جائے گا۔ یہ جدید نظام یورولوجی، جنرل سرجری، گائناکالوجی، اطفال اور تھوریسک سرجری سمیت مختلف شعبوں میں کم سے کم چیرا لگا کر کیے جانے والے آپریشنز میں سرجنز کی معاونت فراہم کرے گا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ٹومائی سسٹم جراحی عمل میں غیر معمولی درستگی فراہم کرتا ہے، جس سے مریضوں کی جلد صحت یابی اور بہتر طبی نتائج ممکن ہوں گے۔ اس نظام میں جدید 5G ریموٹ سرجری کی سہولت بھی موجود ہے، جو مستقبل میں دور دراز علاقوں کے مریضوں کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ثابت ہو سکتی ہے۔

شعبۂ سرجری کے چیئرمین اور پروفیسر برائے پیڈیاٹرک سرجری ڈاکٹر سلیم اسلام نے اس موقع پر کہا کہ روبوٹک سرجری دنیا کے ممتاز طبی اداروں میں علاج کا ایک تسلیم شدہ معیار بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جراحی خدمات کے معیار، درستگی، حفاظت اور مریضوں کی رسائی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

دریں اثنا دوسرا معاہدہ اسمتھ اینڈ نیفیو کے ساتھ کیا گیا ہے، جس کے تحت ایف ڈی اے سے منظور شدہ ’’کوری سرجیکل سسٹم‘‘ شعبۂ آرتھوپیڈکس میں متعارف کرایا جائے گا۔ یہ جدید روبوٹک پلیٹ فارم گھٹنے کی تبدیلی کے آپریشنز میں سرجنز کی مدد کرتا ہے اور مریض کے جسمانی ڈھانچے کا حقیقی وقت میں تھری ڈی نقشہ تیار کرکے زیادہ درست اور مؤثر جراحی منصوبہ بندی کو یقینی بناتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ان جدید روبوٹک نظاموں کی تنصیب پاکستان میں طبی شعبے کی ترقی اور جدید جراحی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

پاکستان