عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی متوقع شادی کے چرچے زور پکڑ گئے ہیں۔ 3 جولائی 2026 کو ہونے والی اس تقریب کو جوڑے کے قریبی دوستوں نے ’’شاہی شادی‘‘ سے تشبیہ دے دی ہے، جس کے باعث مداحوں کا جوش مزید بڑھ گیا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی منگنی کے اعلان کے بعد سے ہی ان کی شادی سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ دونوں کی باغیچے میں ہونے والی رومانوی منگنی کی تصاویر مداحوں میں بے حد مقبول ہوئیں اور اب سب کی نظریں ان کی شادی پر مرکوز ہیں۔
ایک تقریب کے دوران ٹریوس کیلسی کے قریبی دوست اور این ایف ایل کھلاڑی کائل یوزچک اور ان کی اہلیہ کرسٹن نے جوڑے کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ کرسٹن کا کہنا تھا کہ ’’ہر شخص ان دونوں کے لیے بے حد خوش اور پُرجوش ہے۔‘‘ جبکہ کائل نے کہا کہ ’’ہم ٹریوس کو کافی عرصے سے جانتے ہیں اور خوش ہیں کہ انہیں اپنی زندگی کا ساتھی مل گیا۔ یہ تقریب کسی شاہی شادی سے کم نہیں۔‘‘
اگرچہ سوشل میڈیا پر شادی کے مقام اور انتظامات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں، تاہم قریبی ذرائع کے مطابق یہ تقریب توقعات کے برعکس نسبتاً سادہ اور نجی نوعیت کی ہوگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ مہمانوں کی فہرست خود ترتیب دے رہی ہیں اور تقریب میں صرف قریبی دوستوں اور عزیزوں کو مدعو کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ شادی کسی ہالی ووڈ نیٹ ورکنگ ایونٹ کے بجائے محبت اور خوشی کا ایک نجی جشن ہوگی، جس میں جوڑا میڈیا کی توجہ سے دور اپنے خاص دن کو یادگار بنانا چاہتا ہے۔
مداح اب بے صبری سے 3 جولائی کا انتظار کر رہے ہیں، جب دنیا کی مقبول ترین شخصیات میں شمار ہونے والا یہ جوڑا رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگا۔











